Tuesday, January 7, 2025
ہومSportsسڈنی ٹیسٹ کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان نہ ہو سکا، کپتان...

سڈنی ٹیسٹ کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان نہ ہو سکا، کپتان روہت شرما کی شمولیت پر بھی سوال


  • جمعرات کو سڈنی میں خلافِ روایت کپتان کے بجائے بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے پری میچ پریس کانفرنس کی۔
  • روہت شرما کی سڈنی ٹیسٹ میں شمولیت سے متعلق صحافیوں کے سوال پر گوتم گمبھیر نے اس بات کی تصدیق سے انکار کر دیا کہ کپتان شرما پانچواں ٹیسٹ کھیلیں گے یا نہیں۔
  • روہت شرما اور وراٹ کوہلی سے ڈریسنگ روم میں صرف یہی بات ہوئی ہے کہ ہم اگلا میچ کس طرح جیت سکتے ہیں: بھارتی کوچ
  • ایمان داری بہت اہم ہے۔ اگر آپ کچھ اچھا کرنا چاہتے ہیں تو ایمان دار ہونا پڑے گا اور یہ ایمان داری آپ کی کارکردگی ہے: گوتم گمبھیر
  • فاسٹ بالر آکاش دیپ کمر درد کی وجہ سے سیریز کا آخری ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے: کوچ
  • سڈنی ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان میچ سے قبل جمعے کو ہی کریں گے، گوتم گمبھیر

ویب ڈیسک — آسٹریلیا کے خلاف میلبرن ٹیسٹ میں شکست کے بعد سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں اور معاملہ یہاں تک پہنچ گیا ہے کہ اب تک یہ معلوم نہیں کہ کپتان روہت شرما آخری ٹیسٹ میچ کی 11 رکنی ٹیم کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری میچ جمعے سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہو گا۔ یہ میچ دونوں ہی ٹیموں کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کہ کیوں کہ جیتنے والی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرے گی۔

سڈنی ٹیسٹ جیتنے کے لیے نہ صرف بھارتی کپتان روہت شرما پر دباؤ ہے بلکہ یہ دباؤ ڈریسنگ روم میں بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔

جمعرات کو سڈنی میں خلافِ روایت کپتان کے بجائے بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے پری میچ پریس کانفرنس کی جس کے دوران صحافیوں نے اُن سے کئی سخت سوالات کیے۔

بھارتی کوچ گوتم گمبھیر سے جب پوچھا گیا کہ پری میچ پریس کانفرنس عموماً کپتان کرتے ہیں تو آپ کو ایسا کیوں کرنا پڑ رہا ہے؟

جس پر اُن کا کہنا تھا کہ روہت شرما بالکل ٹھیک ہیں اور ان کے خیال میں کپتان کی جانب سے ہی پری میچ پریس کانفرنس کرنا کوئی روایت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ یہاں موجود ہے اور یہ ٹھیک ہے۔ ہم کل پچ کا جائزہ لیں گے جس کے بعد جمعے کو ہی ٹیم کا اعلان کریں گے۔

جب صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا روہت شرما فائنل الیون کا حصہ ہوں گے؟ تو اس پر گوتم گمبھیر نے اس بات کی تصدیق سے انکار کر دیا کہ کپتان شرما پانچواں ٹیسٹ کھیلیں گے یا نہیں۔

گمبھیر کا کہنا تھا کہ ” جیسا میں نے کہا کہ ہم وکٹ کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد کل ہی فائنل الیون کا اعلان کریں گے۔ لہذآ میرا جواب اپنی جگہ موجود ہے۔”

واضح رہے کہ دورۂ آسٹریلیا کے دوران بھارتی کپتان روہت شرما کی اب تک کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ کینگروز کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی چھ اننگز میں وہ صرف 35 رنز ہی بنا سکے ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی سڈنی میں پریس کانفرنس

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی سڈنی میں پریس کانفرنس

روہت شرما سمیت بھارتی اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کی کارکردگی پر بھی ناقدین نے سوالیہ نشان اٹھائے تھے اور دونوں کی کرکٹرز پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

بھارتی کوچ نے پریس کانفرنس کے دوران کئی بار ایمان داری کی اہمیت پر زور دیا۔ لیکن انہوں نے اس کا کوئی واضح جواب نہیں دیا کہ ان کی کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے مستقبل سے متعلق کوئی بات ہوئی ہے یا نہیں۔

گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ اُن سے صرف یہی بات ہوئی ہے کہ ہم اگلا میچ کس طرح جیت سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی کیوں کہ ہم سڈنی ٹیسٹ کی اہمیت جانتے ہیں۔

بھارتی کوچ کا مزید کہنا تھا کہ حقیقت پسندانہ الفاظ یہی کہہ سکتا ہوں کہ ایمان داری بہت اہم ہے۔ اگر آپ کچھ اچھا کرنا چاہتے ہیں تو ایمان دار ہونا پڑے گا اور یہ ایمان داری آپ کی کارکردگی ہے۔

ڈریسنگ روم میں لڑائی کی تردید

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے میلبرن ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد ڈریسنگ روم میں فاسٹ بالر آکاش دیپ کی ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ لڑائی سے متعلق میڈیا رپورٹس کی تردید کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ صرف رپورٹس ہیں، یہ سچ نہیں ہے اور میرے خیال میں مجھے اس طرح کی کسی بھی رپورٹ کا جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

گمبھیر کے مطابق آکاش دیپ کمر درد کی وجہ سے سیریز کا آخری ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔ تاہم انہوں نے کسی متبادل کا نام بھی نہیں بتایا۔

سڈنی ٹیسٹ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی فاسٹ بالر جسپریت بمرا سے بات چیت۔

سڈنی ٹیسٹ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی فاسٹ بالر جسپریت بمرا سے بات چیت۔

بھارتی کوچ کے مطابق انہیں اُمید ہے کہ بھارتی ٹیم سڈنی ٹیسٹ جیت کر سیریز 2-2 سے برابر کر دے گی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنا لے گی۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل رواں برس جون میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرِ فہرست ہے اور وہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

آسٹریلیا 61 اور بھارت 52 پوائنٹس کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائںٹس ٹیبل پر دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

سڈنی ٹیسٹ کی فاتح ٹیم ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے مدِ مقابل ہو گی۔

اس خبر کے لیے بعض معلومات خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ سے لی گئی ہیں۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں