Wednesday, January 1, 2025
ہومSportsشعیب ملک پر فکسنگ کے الزامات؛ معاملہ ہے کیا؟

شعیب ملک پر فکسنگ کے الزامات؛ معاملہ ہے کیا؟



بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں اپنی فرنچائز فارچیون بریشال کو چھوڑ کر جانے والے شعیب ملک ایک مرتبہ پھر خبروں میں آ گئے ہیں۔

جمعے کو بنگلہ دیشی میڈیا نے ان کی مبینہ طور پر فکسنگ میں ملوث ہونے کی خبریں چلائیں، ان افواہوں کے مطابق شعیب ملک کارروائی سے بچنے کے لیے بی پی ایل چھوڑ کر دبئی چلے گئے تھے جس کے بعد فارچیون بریشال نے ان کا معاہدہ منسوخ کردیا۔

تاہم شعیب ملک اور ان کی فرنچائز ٹیم کے مالک میزان الرحمان نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں سابق کپتان نے کہا کہ انہوں نے لیگ چھوڑنے سے قبل کپتان تمیم اقبال کو اعتماد میں لیا تھا اور ان سے مشاورت کے بعد ہی مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش سے دبئی واپس جانا اس لیے ضروری تھا کیوں کہ دبئی میں ان کی ایک پہلے ہی سے طے شدہ مصروفیت تھی جسے پورا کرنا تھا۔

اپنے اس بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ فارچیون بریشال کے ساتھ ان کی نیک خواہشات ہیں، اگر مستقبل میں انہیں ان کی ضرورت پڑی تو وہ تعاون کے لیے موجود ہوں گے۔

شعیب ملک نے اپنی ٹیم کے مالک کی ویڈیو بھی شئیر کی جس میں انہوں نے اپنے نام سے منسوب بیان کو غلط قرار دیا، شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی افواہوں پر یقین کرنے سے پہلے ان کی تحقیقات کرنی چاہیے تاکہ غلط فہمی سے بچا جا سکے۔

آخر شعیب ملک کی کس بات نے فکسنگ الزامات کو ہوا دی؟

پینتیس ٹیسٹ، 287 ون ڈے اور 124 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شعیب ملک نے 2007 میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔

وہ نہ صرف 2009 کی ورلڈ کپ وننگ ٹیم کا حصہ تھے بلکہ انہوں نے کئی انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار بھی ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہ نے اس وقت جنم لیا جب شعیب ملک نے 22 جنوری کو کھلنا ٹائیگرز کے خلاف میچ میں ایک ہی اوور میں تین نو بالز پھینکیں۔

اس ایک اوور میں شعیب ملک نے 18 رنز دیے، لیکن ان کی تینوں نو بالز کو سوشل میڈیا صارفین نے شک کی نظر سے دیکھا۔

گو کہ ان کی پہلی نوبال کے بعد اگلی دو گیندوں پر رنز نہیں بنے، لیکن دوسری نو بال کے بعد ملنے والی فری ہٹ پر ایون لیوس نے چوکا اور تیسری نو بال کے بعد ملنے والی فری ہٹ پر چھکا مار دیا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب شعیب ملک پر فکسنگ میں ملوث ہونے کا شک ظاہر کیا گیا ہو، سن 2010 میں جب عمران نذیر نے ہانگ کانگ سکسز میں ایک اوور میں 48 رنز دیے تھے تو اس وقت شعیب ملک ہی ان کی ٹیم کے کپتان تھے۔

کسی کا تیسری نوبال پر دلچسپ تبصرہ، کسی کا خبر پر یقین کرنے سے انکار

شعیب ملک کے خلاف اس خبر کو لے کر سوشل میڈیا پر کافی بات ہو رہی ہے، کوئی صارف دلچسپ تبصرہ کر رہا ہے تو کسی کے خیال میں یہ خبر ثانیہ مرزا نے پھیلائی ہے۔

سماجی کارکن صنم جمالی نے ‘ایکس’ میں اپنی پوسٹ پر جہاں شعیب ملک کی تیسری شادی سے تین نو بالز کو جوڑا بلکہ ان کی ایک نوبال کی تصویر بھی پوسٹ کی۔

مریم نامی صارف نے شعیب ملک کی نئی اہلیہ ثنا جاوید کی ایک حالیہ ‘ایکس’ پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیا اب وہ ‘سو پراؤڈ آف یو’ لکھ کر پوسٹ کریں گی؟

کچھ افراد اس کانٹریکٹ کی منسوخی پر یقین نہیں کر رہے ہیں اور ان کے خیال میں یہ خبر درست نہیں۔

شہریار نامی صارف نے کہا کہ انہیں اس الزام کے پیچھے بھارتی ٹرولز کا ہاتھ لگ رہا ہے جو ثانیہ مرزا سے علیحدگی پر بغیر ثبوت کے شعیب ملک پر الزام لگا رہے ہیں۔

کفایت علی نامی صارف نے بھی اس خبر کو ثانیہ مرزا کی جانب سے بدلہ قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ نے اس غلط خبر کو وائرل کرنے کے لیے لوگوں کو پیسے دیے۔

شعیب ملک کا کانٹریکٹ منسوخ ہوا کہ نہیں، اس پر تو نہ کھلاڑی نے کچھ کہا ہے، نہ ہی فرنچائز ٹیم کے اونر نے، البتہ تفصیلات کے مطابق ان کی جگہ فارچیون بریشال نے سابق پاکستانی اوپنر احمد شہزاد کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر کھلنا ٹائیگرز چار پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ فورچیون باریشال کی سات ٹیموں میں سے چھٹی پوزیشن ہے۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں