لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے نکاح کرلیا، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
انسٹاگرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے محمد حارث نے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کی خبر سنائی۔ انہوں نے اپنے نکاح کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ نکاح کی تقریب سے چند تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
محمد حارث کی تقریب میں قریبی رشتہ داروں اور ساتھی کرکٹر عباس آفریدی نے شرکت کی۔ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نکاح کی تقریب کی مناسبت سے محمد حارث نے سفید کرتا پاجامہ اور کوٹ زیب تن کیا ہے۔
انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ کے کیپشن میں قومی کرکٹر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس نعمت پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر نکاح کا اعلان کرنے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے کھلاڑی کے لیے نیک خواہشات اور مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ محمد حارث کو چیمپئنز کپ کی ٹیم اسٹالینز کا کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شان مسعود اور بابر اعظم دونوں حارث کی قیادت میں کھیلیں گے۔