Saturday, January 4, 2025
ہومSportsٹیسٹ کرکٹ میں ’گیندباز نمبر 1‘ بنے بمراہ، آر. اشون کو دوسرے...

ٹیسٹ کرکٹ میں ’گیندباز نمبر 1‘ بنے بمراہ، آر. اشون کو دوسرے نمبر پر دھکیلا


ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ 870 پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ رینکنگ میں پہلے مقام پر پہنچ گئے ہیں، انھوں نے ہم وطن آر. اشون کو پیچھے چھوڑا جو 869 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر کھسک گئے ہیں۔

جسپریت بمراہ / ٹوئٹر
user

ہندوستان کے مایہ ناز تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے بدھ کے روز ٹیسٹ کرکٹ رینکنگ میں پہلا مقام حاصل کر اپنے ہم وطن آر. اشون کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انھوں نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے دم پر آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں ’گیندباز نمبر 1‘ کا تاج حاصل کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی گئی 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں جسپریت بمراہ نے مجموعی طور پر 11 وکٹ حاصل کیے جس کا فائدہ انھیں آئی سی سی رینکنگ میں ملا ہے۔ وہ پہلے دوسرے نمبر پر تھے اور اب 870 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ اشون جو کہ پہلے مقام پر تھے وہ تازہ رینکنگ میں 869 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ یعنی بمراہ سے اشون محض ایک پوائنٹ پیچھے ہیں۔ پچھلی رینکنگ میں اشون کو 870 پوائنٹس اور بمراہ کو 847 پوائنٹس تھے، جس سے ظاہر ہے کہ بمراہ کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میں بہترین کارکردگی کا بہت فائدہ ملا ہے۔

یہ دوسرا موقع ہے جب بمراہ ٹیسٹ رینکنگ میں ’نمبر 1‘ کی پوزیشن پر پہنچے ہیں۔ اس سے قبل رواں سال فروری میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد انھوں نے پہلا مقام حاصل کیا تھا۔ اُس وقت بمراہ ٹیسٹ کرکٹ میں ’نمبر 1‘ کا تاج پہننے والے پہلے تیز گیندباز بنے تھے۔ ان سے قبل سابق ہندوستانی کپتان کپل دیو نے ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرا مقام حاصل کیا تھا جو کہ دسمبر 1979 سے فروری 1980 کے درمیان کی بات ہے۔

ٹیسٹ رینکنگ میں بلے بازوں کی کارکردگی پر بات کی جائے تو ہندوستانی سلامی بلے باز یشسوی جیسوال کو بہت فائدہ پہنچا ہے۔ وہ 792 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ پہلے انھیں 751 پوائنٹس کے ساتھ پانچواں مقام حاصل تھا۔ بنگلہ دیش کے خلاف انھوں نے 4 اننگز میں 47.25 کی اوسط سے 189 رن بنائے، جس کا انھیں فائدہ ملا ہے۔ جیسوال کے تعلق سے یہ خبر بھی خوش آئند ہے کہ وہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ 25-2023 میں سب سے زیادہ چھکّا لگانے والے بلے بازوں کی فہرست میں ٹاپ پر قابض ہیں۔ انھوں نے اب تک 32 چھکّے لگائے ہیں، جبکہ دوسرے مقام پر رہنے والے بین اسٹوکس کے 22 چھکّے ہیں۔ سری لنکائی بلے باز کمنڈو مینڈس 19 چھکّوں کے ساتھ تیسرے مقام پر اور ہندوستانی کپتان روہت شرما 17 چھکّوں کے ساتھ تچوتھے مقام پر ہیں۔ ایک دیگر ہندوستانی بلے باز شبھمن گل بھی 16 چھکّوں کے ساتھ پانچویں مقام پر موجود ہیں۔

بہرحال، ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں جو روٹ پہلے اور کین ولیمسن دوسرے مقام پر برقرار ہیں۔ ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی کو بھی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں خوشخبری ملی ہے۔ وہ 6 مقام کی چھلانگ کے ساتھ ٹاپ-10 بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ انھیں تازہ رینکنگ میں چھٹا مقام حاصل ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔






Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں