Thursday, January 2, 2025
ہومWorldایران کے فوجی اہداف پر نپے تلے حملے کیے ہیں: اسرائیلی فوج

ایران کے فوجی اہداف پر نپے تلے حملے کیے ہیں: اسرائیلی فوج


  • اسرائیل نے ہفتے کی صبح ایران میں فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔
  • کسی بھی خودمختار ملک کی طرح اسرائیل کو بھی جواب دینے کا حق حاصل ہے۔اسرائیل
  • ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطاق ایران کے دارالحکومت میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
  • ایک امریکی دفاعی اہلکار نے وی او اے کو بتایا کہ ہمیں حملوں کے بارے میں پیشگی اطلاع دی گئی تھی، “لیکن ہم اس میں شامل نہیں ہیں۔”

اسرائیل نے ہفتے کی صبح ایران میں فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔ اسرائیل ان حملوں کو یکم اکتوبر بیلسٹک میزائل حملوں کے ’نپے تلے‘ جواب کے طور پر بیان کر رہا ہے۔ایران میں ان حملوں کے سبب نقصان سے متعلق کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

اسرائیل نے تاحال ان حملوں سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ایران اور خطے میں اس کی پراکسیز سات اکتوبر کے بعد مسلسل اسرائیل پر سات محاذوں سے حملے کرتی آئی ہیں۔ بشمول اس حملے کے جو ایرانی سرزمین سے کیا گیا۔‘‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی خودمختار ملک کی طرح اسرائیل کو بھی جواب دینے کا حق حاصل ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے اعلان کیا ہے کہ آئی ڈی ایف ایران میں فوجی اہداف پر حملے کر رہی ہیں. فوٹو آئی ڈی ایف، بذریعہ اے پی

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطاق ایران کے دارالحکومت میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ وہاں کا سرکاری میڈیا بھی ابتدائی طور پر تسلیم کر رہا ہے کہ شہر کے گرد ایر ڈیفنس سسٹم سے کچھ ساؤنڈز سنائی دی ہیں۔

تہران کے ایک شہری نے اے پی کو بتایا ہے کہ کم از کم سات دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جس نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ شہری نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بات خبر رساں ادارے کو بتائی ہے

امریکہ کا ردعمل

وی او اے نےامریکی قومی سلامتی کونسل سے سوال کیا کہ آیا صدر بائیڈن کو ایران میں ہونے والے دھماکوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔ ترجمان شان سیوٹ نے براہ راست جواب نہیں دیا لیکن حملوں کی تصدیق کی۔

شان سیوٹ نے کہا، ’ہم سمجھتے ہیں کہ اسرائیل اپنے دفاع میں اور ایران کی طرف سے یکم اکتوبر کو کیے گئے بیلسٹک میزائل حملوں کے جواب میں ایران میں فوجی اہداف پر حملے کر رہا ہے۔ مزید تفصیلات اسرائیلی حکومت ہی اپنے آپریشن کے بارے میں دے سکتی ہے۔

ایک امریکی دفاعی اہلکار نے وی او اے کو بتایا کہ ہمیں حملوں کے بارے میں پیشگی اطلاع دی گئی تھی، “لیکن ہم اس میں شامل نہیں ہیں۔”

ایک اور امریکی دفاعی اہلکار نے وی او اے کو بتایاکہ اس ماہ کے شروع میں پینٹاگون نے جن اضافی امریکی افواج کو مشرق وسطیٰ بھیجنے کا حکم دیا تھا وہ تمام ایران پر اسرائیلی حملے سے پہلے خطے میں پہنچ گئی تھیں،

قبل ازیں جمعہ کو یو ایس سینٹرل کمانڈ نے، جو پورے مشرق وسطیٰ میں امریکہ کی افواج کی نگرانی کرتی ہے، جرمنی سے اضافی F-16 لڑاکا طیاروں کی آمد کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیل کی طرف سے ہفتوں سے دی جانے والی دھمکیوں کے بعد یہ حملہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل پر عسکریت پسند گروپ حماس کے ابتدائی حملے کے ایک سال سے زائد عرصے بعد مشرق وسطیٰ ایک علاقائی جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے۔

حالیہ ہفتوں میں اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں تباہ کن زمینی حملے اور پڑوسی ملک لبنان پر حملے کا آغاز کیا ہے، جس میں طویل عرصے سے مسلح اور تہران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کےعسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

VOA کی اس رپورٹ میں کچھ متن اے پی سے لیا گیا ہے۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں