بھوپال (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کی جانب سے ریاستی دارالحکومت بھوپال میں الگ الگ چھاپوں میں کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی ضبط کی گئی ہے، جس سے سیاستدانوں، سرکاری افسران، اور ریئل اسٹیٹ سے وابستہ افراد کے مبینہ تعلقات منظر عام پر آئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سب سے چونکا دینے والی دریافت 52 کلو گرام سونے کے بسکٹ تھی، جن کی مالیت 40 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ یہ ریکوری ایک لاوارث کار سے ہوئی جس میں 10 کروڑ نقدی بھی تھی۔ یہ کار شہر کے مضافات میں جنگلات میں دیکھی گئی، جہاں اطلاعات کے مطابق سونے کو جنگل کے راستے سے منتقل کیا جا رہا تھا۔ 100 پولیس اہلکاروں اور 30 گاڑیوں کی ٹیم نے کار کو گھیرے میں لے لیا تاکہ اسے فرار ہونے سے روکا جا سکے، لیکن جب کار کی تلاشی لی گئی تو اندر کوئی موجود نہیں تھا۔
یہ کار مبینہ طور پر گوالیار کے رہائشی چیتن گور کی ہے، جو ریجنل ٹرانسپورٹ آفس کے سابق کانسٹیبل سوربھ شرما کے ساتھی ہیں۔ سوربھ شرما اور کئی بلڈرز پہلے سے ہی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں، اور شک ہے کہ ضبط شدہ سونا اور نقدی ان سے منسلک ہو سکتی ہے۔ تاہم، اس ضبطی کے حوالے سے کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا، اور اثاثوں کے ذرائع کی تلاش جاری ہے۔