Friday, December 27, 2024
ہومWorldغزہ کی ایک سرنگ سے چھ یرغمالوں کی لاشیں بازیاب

غزہ کی ایک سرنگ سے چھ یرغمالوں کی لاشیں بازیاب



  • اسرائیلی فوج کو خان یونس کے علاقے میں جنگجوؤں سے ایک جھڑپ کے بعد ایک سرنگ سے چھ یرغمالوں کی لاشیں مل گئیں ہیں۔
  • اس میں پانچ یرغمالوں کے متعلق اسرائیل فوج پہلے ہی یہ خدشہ ظاہر کر چکی تھی کہ وہ مر چکے ہیں۔
  • یرغمال اور لاپتہ خاندانوں کے لیے کام کرنے والی ایک اسرائیلی تنظیم نے زور دیا ہے کہ بقیہ یرغمالوں کی رہائی کے لیے جلد از جلد جنگ بندی کا معاہدہ کیا جائے۔
  • اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اب بھی 105 یرغمال عسکریت پسندوں کی قید میں ہیں جن میں سے ممکنہ طور پر 34 مر چکے ہیں۔

اسرائیل کی فوج نے منگل کے روز کہا ہےکہ اس نے فلسطینی عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک جھڑپ کے بعد غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس کی ایک سرنگ سے چھ اسرائیلی یرغمالوں کی لاشیں نکال لی ہیں۔

ان میں سے پانچ یرغمالوں یاگیو بوچشتاب، الیکزینڈر ڈینسگی، یورام مٹزگر، نادیو پوپلول اور چائم پری کی ہلاکتوں کا اعلان پہلے ہی ہو چکا تھا جب کہ چھٹے یرغمال کا نام ایواہام موندر بتایا گیا ہے۔

فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جینس کے تجزیہ کے بعد پانچ یرغمالوں کے خاندانوں کو پہلے ہی مطلع کر دیا گیا تھا کہ ان کے زندہ ہونے کا امکان بہت محدود ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یرغمالوں کی لاشیں پیر کی رات کو ایک سرنگ سے ملی ہیں۔

فوج نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران فورسز کو تقریباً 10 میٹر کی گہرائی میں ایک سرنگ کا داخلی راستہ دکھائی دیا جو زمین کی گہرائی میں واقع ایک سرنگ سے ملا ہوا تھا۔ یہ لاشیں اسی سرنگ سے ملی ہیں۔

بیان کے مطابق اس علاقے میں کثیر منزلہ عمارتیں ہیں جہاں مسلح افراد نے دیر تک لڑائی کی جس میں کچھ جنگجو مارے گئے۔ جس کے بعد سرنگ تک رسائی حاصل ہوئی۔

یرغمالوں اور لاپتہ خاندانوں کے لیے کام کرنے والے گروپ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاشوں کی بازیابی سے ان خاندانوں کو قرار آ جائے گا جو ان کی واپسی اور تلاش کے لیے پریشان تھے۔ اور انہیں معلوم ہو جائے گا کہ وہ انہیں ہمیشہ کے لیے کھو چکے ہیں۔

اس گروپ نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ یہ یقینی بنائے کہ بقیہ یرغمال مذاکرات کے ذریعے اسرائیل میں زندہ واپس آ سکیں۔

گروپ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت ثالثوں کی مدد سے میز پر موجود معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرے۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر امریکہ، مصر اور قطر ثالثی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل اور حماس پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کر کے اسرائیلی جیلوں میں بند فسطینی قیدیوں کے بدلے بقیہ یرغمالوں کی رہائی کو یقینی بنائیں۔

اس سے قبل منگل کے روز، غزہ کی سرحد کے قریب نیر اوز کی اسرائیلی کبوتز کمیونٹی نے ایک 79 سالہ یرغمالی موندر کی ہلاکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ غزہ میں قید کے دوران کئی مہنیوں سے جسمانی اور ذہنی اذیت برداشت کر رہے تھے۔

فلسطینی عسکریت پسندوں نے 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر دہشت گردانہ حملے کے دوران موندر، ان کی اہلیہ، بیٹی اور پوتے کو بھی اغوا کیا تھا۔

موندر کے خاندان کے دیگر افراد کو گزشتہ سال نومبر کی عارضی جنگ بندی کے دوران فلسطینی قیدیوں سے تبادلے میں آزاد کر دیا گیا تھا۔ نومبر کے بعد سے گیارہ ماہ سے جاری اس جنگ میں اب تک کوئی وقفہ نہیں ہوا ہے۔

اسرائیل کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق موندر کا بیٹا 7 اکتوبر کے حملے میں مارا گیا تھا۔ اس حملے میں اسرائیل میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے، جب کہ 250 کے لگ بھگ افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

نومبر کی عارضی جنگ بندی میں تقریباً ایک سو یرغمال رہا کر دیے گئے تھے جب کہ کچھ ہلاک ہو چکے ہیں اور خیال ہے کہ 105 اب بھی حماس کی قید میں ہیں، جن میں وہ 34 افراد بھی شامل ہیں جن کے متعلق اسرائیلی فوج کا خیال ہے کہ وہ قید میں ہی ہلاک ہو چکے ہیں۔

غزہ میں حماس کی قیادت میں کام کرنے والی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی گیارہ ماہ سے جاری جوابی کاروائیوں میں اب تک 40173 فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق ہلاک ہونے والے فلسطینیوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ تفصیلات اے ایف پی سے لی گئیں ہیں)



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں