Tuesday, January 7, 2025
ہومWorldوزیراعظم شہباز شریفسربراہان مملکت کی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریفسربراہان مملکت کی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد



(24 نیوز ) امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی حاصل کرنے کے بعد دنیا بھر سے سربراہانِ ممالک کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

 امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہونے کے بعد وہ امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ وہ 20 جنوری 2025 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ امریکا کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ 

 دنیا بھر سے سربراہانِ ممالک کی جانب سے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو  انتخابات میں کامیابی کے بعد مبارک باد کے پیغامات بھیجے جارہے ہیں ۔

پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف کی مبارکباد

پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کرکام کرنے کے خواہاں ہیں، دوسری بار تاریخی کامیابی پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دیتا ہوں، انہوں نے امریکی انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی مبارکباد 

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے ماضی کی طرح ایک بار پھر 4 سال تک مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ احترام اور عزائم کے ساتھ مزید امن اور خوش حالی کے لیے ایک بار پھر ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

برطانوی وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر  کی مبارکباد 

برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے بھی ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ 

برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں، امریکا و برطانیہ کے تعلقات کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی مبارکباد

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سےڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی گئی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ پیغام میں ٹرمپ کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بھارت امریکا تعلقات مضبوط بنانے، جامع عالمی اور اسٹریٹجک شراکت داری کا منتظر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آئیے! مل کر اپنے لوگوں کی بہتری اور عالمی امن، استحکام اور خوش حالی کو فروغ دینے کے لیے کام کریں۔ 

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی مبارکباد 

 اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے ٹرمپ کی جیت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ڈونلڈ اور میلانیا ٹرمپ کو تاریخ کی سب سے بڑی واپسی مبارک ہو، وائٹ ہاؤس میں آپ کی تاریخی واپسی امریکا کے لیے ایک نئی شروعات اور اسرائیل اور امریکا کے درمیان عظیم اتحاد کے لیے مضبوط عزم کی نشاندہی کرتی ہے، یہ ایک عظیم فتح ہے۔

علاوہ ازیں اٹلی کے وزیرِ اعظم، یوکرین کے صدر، چیک ری پبلک کے وزیرِ اعظم سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور نیٹواتحاد بھی ٹرمپ کو ایک بار پھر امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کر رہے ہیں اور ایک ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ کر رہے ہیں۔

ان کے علاوہ برطانیہ کے وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔

 امریکہ کے لوگوں نے ٹرمپ اور اس کی ٹیم کو شاندار فتح دلائی ہے:بلاول بھٹو 

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹرمپ کو انتخاب میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے لوگوں نے انھیں اور اس کی ٹیم کو شاندار فتح دلائی ہے۔
بلاول نے جے ڈی وینس، ایلون مسک، روبرٹ کنیڈی جونیئیر اور تلسی گیبارڈ کو بھی اپنی ٹویٹ میں ٹیگ کیا ہے۔بلاول کا کہنا ہے کہ یہ جنگ مخالف فتح اور جنگ مخالف مینڈیٹ ہے جو امریکی عوام نے انھیں دیا ہے، ہمیں امید ہے کہ نئی انتظامیہ امن کو ترجیح دے گی اورعالمی تنازعات کے خاتمے میں مدد کرے گی۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں