تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے 7اکتوبر کو حماس کا حملہ روکنے میں ناکامی پر قوم سے معافی مانگ لی۔
ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق نیتن یاہو نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ’’بے شک، میں معافی مانگتا ہوں، جو کچھ ہوا میں اس پر دل کی گہرائیوں سے معافی چاہتا ہوں۔‘‘
نیتن یاہو نے ٹائمز میگزین کو دیئے گئے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’’آج بھی جب پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ ہمیں حملے کو روکنا چاہیے تھا لیکن ہم یہ نہ کر سکے۔ ‘‘ ایران میں شہید ہونے والے اسماعیل ہنیہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں نیتن یاہو نے کہا کہ ’’میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے چنانچہ میں نہیں بتاؤں گا کہ قتل کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ تھا یا نہیں۔‘‘
واضح رہے کہ 7اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملے میں اب تک 40ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 80ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں آدھی سے زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔