(24نیوز)ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اور سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ہنیہ کے خون کا بدلہ لینا ہمارا فرض ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے خون کا بدلہ لینا ہمارا فرض ہے، صیہونیوں نے ہمیں جواز فراہم کردیا ہے،ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ یہ قتل ایران کی سرزمین پر کیا گیا ، اسرائیل نے اپنے لیے خود کو سخت سزا کا مستحق قرار دیا ہے،دوسری طرف ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے آج صبح حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل پر اسرائیل کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہانیہ کے قتل کابدلہ لیا جائے گا اور اسرائیل پچھتائےگا،مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اپنی علاقائی سالمیت اور عزت کا دفاع کرے گا، ایرانی پاسداران انقلاب نے آج صبح ایک بیان میں کہا کہ ہنیہ کے قتل کا “سخت اور دردناک جواب دیا جائے گا، ایران اور مزاحمت کا محور اس جرم کا جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ آج فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا ، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ کل صبح تہران میں، تدفین دوحہ میں ہوگی