|
دبئی میں قائم امارات ایر لائین نے جمعرات کو “علاقائی بدامنی” کی وجہ سے عراق، ایران اور اردن کے لیے پروازیں تین دن کے لیے منسوخ کر دی ہیں۔
ایئر لائن نے کہاایمریٹس علاقائی بدامنی کی وجہ سے 4 اور 5 اکتوبر کو عراق (بصرہ اور بغداد)، ایران (تہران) اور اردن (عمان) کے لیے تمام پروازیں منسوخ کر رہی ہے۔
مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی ایئر لائن نے اس سے قبل دبئی اور بیروت کے درمیان 8 اکتوبر تک منسوخی کا اعلان کیا تھا، کیونکہ کئی دیگر کیریئرز نے بھی کچھ خدمات کو روک دیا تھا۔
قطر ایئرویز نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ عراق، ایران اور لبنان سے پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جس میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ وہ کب دوبارہ شروع ہوں گی۔
منگل کو، جرمن ایئر لائن گروپ لفتھانزانے کہا کہ وہ 30 نومبر تک بیروت کے لیے پروازیں معطل کر رہا ہے۔
تل ابیب کے لیے لفتھانزا گروپ کی پروازیں 31 اکتوبر تک منسوخ رہیں گی، جب کہ تہران کے لیے سفر 14 اکتوبر تک بند رہے گا۔
منگل کے روز، ایران نے اسرائیل کی جانب ہائپرسونک ہتھیاروں سمیت تقریباً 200 میزائل داغے، جن میں سے کچھ اردن اور عراقی فضائی حدود سے گزرے۔
ایر لائنز یہ اقدامات علاقے میں کشید گی میں اضافے کے خدشے کی وجہ سے کر رہی ہیں۔
اس رپورٹ کا کچھ مواد خبر رساں ادارے اے ایف پی سے لیا گیا۔