نیو ہمپشائر میں پیر کی نصف شب ووٹنگ شروع ہو گئی تھی اور اب نیو ہمپشائر کے ڈکسویلے ناچ میں ووٹ شماری شروع ہو گئی ہیں، یہاں کملا ہیرس اور ڈونالڈ ٹرمپ کو اب تک 3-3 ووٹ مل چکے ہیں۔
امریکہ میں صدارتی انتخاب جاری ہے۔ سبھی حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ مقامات پر ووٹوں کی گنتی بھی شروع ہو گئی ہے۔ دراصل انتخابی اصولوں کے تحت 100 سے کم آبادی والے علاقوں میں نصف شب سے ہی ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کناڈا سرحد سے ملحق نیو ہمپشائر میں نصف شب کو ووٹنگ شروع ہو گئی تھی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیو ہمپاشئر کے ڈکسویلے ناچ میں ووٹوں کی گنتی بھی شروع ہو گئی ہے اور یہاں کملا ہیرس و ڈونالڈ ٹرمپ کو اب تک 3-3 ووٹ حاصل بھی ہو چکے ہیں۔ ڈکسویلے ناچ کے مقامی لوگوں نے 2020 میں جو بائڈن کو اتفاق رائے سے کامیاب بنایا تھا، اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ اس مرتبہ ووٹرس کا رخ کیا ہوتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 5 نومبر (منگل) کو امریکہ میں صدارتی عہدہ کے لیے ووٹنگ شروع ہو گئی۔ صدارتی عہدہ کے امیدواروں ڈونالڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس نے 4 نومبر کی دیر شب اپنی آخری ریلی کی تھی۔ اس دوران سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی اصل حریف نائب صدر کملا ہیرس نہیں بلکہ ’ظالم ڈیموکریٹ نظام‘ تھا۔ دوسری طرف کملا ہیرس نے اپنے آخری خطاب کے دوران ٹرمپ کا تذکرہ کرنے سے پرہیز کیا۔
بہرحال، آج ووٹنگ کے پیش نظر امریکہ کی 17 ریاستوں میں نیشنل گارڈس تعینات کر دیے گئے۔ ان ریاستوں میں 600 سے زائد نیشنل گارڈ کارپس کو اسٹینڈ بائی پر بھی رکھا گیا ہے۔ یہ ریاستیں اوریگن، واشنگٹن اور نوادا وغیرہ ہیں۔ ایف بی آئی نے انتخابی عمل پر 24 گھنٹے نگرانی کے لیے واشنگٹن میں نیشنل الیکشن کمانڈ پوسٹ تیار کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس مرتبہ امریکہ میں صدارتی انتخاب انتہائی دلچسپ دکھائی دے رہا ہے۔ مقامی میڈیا ہاؤس نیویارک ٹائمز کے ایک سروے کے مطابق ووٹنگ کے دن کملا ہیرس محض 1 فیصد ووٹ زیادہ حاصل کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ سروے کے مطابق انھیں امریکی انتخاب میں 49 فیصد ووٹ ملتا دکھائی دے رہا ہے، جبکہ ڈونالڈ ٹرمپ کو 48 فیصد ووٹ ملنے کا اندازہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔