شہر کے معروف ’بوربن اسٹریٹ‘ علاقہ میں ایک ٹرک لوگوں کے گروپ میں گھس گئی اور ان کو کچل دیا۔ اس بڑے حادثے کی پولیس تحقیقات جاری ہے۔
امریکہ میں نئے سال کے موقع پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ امریکہ کے شہر نیو اورلینز میں ایک شخص نے مبینہ طور پر ہجوم کے درمیان ٹرک گھسا دیا۔ اس ٹرک نے 10 لوگوں کو کچل دیا جب کہ 30 لوگ شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق پولیس نے بدھ (یکم جنوری 2025) کو اس واقعہ کے متعلق جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ’’شہر کے معروف ’بوربن اسٹریٹ‘ علاقہ میں ایک کار (حالانکہ میڈیا رپورٹس میں ٹرک کی بات کہی جا رہی ہے) لوگوں کے گروپ میں گھس گئی اور ان کو کچل دیا۔ اس بڑے حادثے پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ حادثہ میں نامعلوم تعداد میں لوگوں کی موت ہوئی ہے۔‘‘
حادثے کے وقت موجود لوگوں کے مطابق ایک ٹرک بھیڑ میں گھس گیا اور ڈرائیور گاڑی سے باہر نکل کر فائرنگ کرنے لگا، جس کے بعد پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ نیو اورلینز کی ’ہنگامی تیاری ایجنسی‘ نے حادثہ کے متعلق پہلے ہی لوگوں کو آگاہ کر دیا تھا اور کہا تھا کہ لوگ اس علاقے سے دور رہیں۔ اس معاملے میں ایک دیگر پولیس آفیسر نے بتایا کہ ’’ابتدائی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ ایک کار نے لوگوں کی ایک جماعت کو ٹکر مار دی۔ زخمیوں کے متعلق کوئی خبر نہیں ہے لیکن کچھ لوگوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اس اندوہناک واقعہ سے متعلق لوئیزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ اس پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ’’آج صبح ’بوربن اسٹریٹ‘ پر تشدد کا ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے حادثہ والے علاقے سے دور رہنے کو کہا ہے۔ واضح ہو کہ یہ حادثہ نئے سال 2025 کے ابتدائی چند گھنٹوں میں پیش آیا جب ’بوربن اسٹریٹ‘ جیسے سیاحتی علاقوں میں لوگوں کی اچھی خاصی چہل پہل تھی۔ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے اور زخمیوں کی حتمی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔