ٹیسلا کے شیئرس کی قیمت میں اضافے کی ایک وجہ امریکی انتخاب بھی ہے۔ انتخاب کے دوران نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ کی ایلون مسک نے کھل کر حمایت کیی۔ مسک نے انتخابی مہم میں 100 کروڑ ڈالر کا تعاون بھی کیا۔
ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ اب وہ نہ صرف موجودہ دور کے امیر ترین شخص ہو گئے ہیں بلکہ تاریخ کے اب تک کے سب سے امیر ترین شخص کا عہدہ حاصل کر لیا ہے۔ فوربس کے مطابق ایلون مسک اب 334.3 ارب ڈالر کی دولت کے مالک بن چکے ہیں۔ ایلون مسک کی مجموعی مالیت میں بے تحاشہ اضافے کی اصل وجہ یہ ہے کہ ٹیسلا کے شیئرس کی قیمت میں آئے دن ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹیسلا کا شیئر امریکی صدارتی انتخابات کی شروعات سے لے کر اب تک 40 فیصد تک مہنگا ہو چکا ہے۔ اس میں جمعہ کو 3.8 ڈالر کا ریکارڈ اضافہ بھی شامل ہے۔ جمعہ کو ٹیسلا کا شیئر 352.56 ڈالر تک پہنچ گیا۔ یہ ٹیسلا اسٹاک کی گزشتہ 3 سالوں میں سب سے زیادہ قیمت ہے۔ شیئر میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے ان کی کل مالیت میں 7 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
ٹیسلا کے شیئرس کی قیمت میں ریکارڈ اضافے کی ایک بڑی وجہ امریکی انتخابی نتائج بھی ہیں۔ دراصل اس بار کے انتخاب میں نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایلون مسک نے کھل کر حمایت کی تھی۔ انہوں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم میں 100 کروڑ ڈالر کا تعاون بھی کیا تھا۔ ٹرمپ سے مسک کی دوستی کے سبب سرمایہ کاروں کا ایلون مسک پر کافی اعتماد بڑھ گیا ہے۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ ٹرمپ کئی ایسی پالیسیاں نافذ کریں گے جس سے تاجروں کو کافی فائدہ ہوگا۔ اس لیے سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ اس کا براہ راست مثبت اثر ٹیسلا پر پڑے گا۔ اسی امید میں ٹیسلا کے شیئرس کی قیمت روز بہ روز بڑھ رہی ہے۔ ایلون مسک کو ٹرمپ کابینہ میں بھی جگہ ملنے والی ہے، وہ ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شینسی (ڈی او جی ای) کے چیئرمین عہدہ کو ہند نژاد امریکی کاروباری وویک راماسوامی کے ساتھ شیئر کریں گے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک کی دولت میں ٹیسلا کے ساتھ دیگر کمپنیاں بھی ہیں جو انہیں بے پناہ دولت دیتی ہیں۔ مصنوعی ذہانت کی کمپنی ’ایکس اے آئی‘ میں ایلون مسک کی 60 فیصد شراکت داری ہے، جس کی مالیت 50 ارب ڈالر ہے۔ اس کے علاوہ ’اسپیس ایکس‘ میں ان کی 42 فیصد حصہ داری ہے جس کی کل مالیت 210 ارب ڈالر ہے۔ آنے والے وقت میں اس کی مالیت میں اضافے کا امکان ہے اور اس کی مالیت بڑھ کر 250 ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔