نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی ’پری ویڈنگ‘ تقریبات میں بھارت سمیت دنیا بھر سے معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ بھی شامل تھیں، جن کی ساڑھی میں تصاویر نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا رکھا ہے۔
ٹیسلا اور سپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور فیس بک کے بانی مارک زکربرگ سمیت دیگر بین الاقوامی شخصیات نے بھی اننت امبانی کی پری ویڈنگ تقریبات میں دیسی ملبوسات زیب تن کیے۔ 42سالہ ایوانکا ٹرمپ کے 43سالہ شوہر جیرڈ کشنر بھی دیسی لباس میں نظر آئے۔
ایوانکا ٹرمپ نے اپنی ساڑھی میں تصاویر اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر پوسٹ کی ہے۔ کیپشن میں وہ لکھتی ہیں کہ ’’بھارت میں پہلی رات، ایورلینڈ میں ایک جادوئی شام۔‘‘ بتایا گیا ہے کہ ایوانکا ٹرمپ کی یہ گولڈن اور سلور رنگوں میں چمکتی دمکتی ساڑھی بھارت کے معروف فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کی تیار کردہ تھی۔