تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایران نے پیٹرول کی یومیہ پیداوار کو 4 لاکھ بیرل کے اضافے سے یومیہ 40 لاکھ بیرل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق عبوری صدر محمد مخبر کی زیرِ صدارت دارالحکومت تہران میں اقتصادی کونسل اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اجلاس میں5.5 بلین ڈالر کے غیر ملکی مالی امکانات کے استعمال میں سہولت کی اور ایران قومی پیٹرول کمپنی کی خام پیٹرول کی پیداوار میں اضافہ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ایرانی حکام کے مطابق فی الوقت پیٹرول کی 3.6 ملین بیرل یومیہ پیداوار کو 4 لاکھ بیرل کے اضافے سے 40 لاکھ بیرل یومیہ پیدوار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ مئی 2018 میں امریکی پابندیوں کے نتیجے میں پیٹرول کی فروخت میں دشواری کی وجہ سے ایران نے اپنی پیٹرول کی پیداوار کو یومیہ 2 ملین ڈالر سے کم کر دیا تھا۔ اس دور میں ایران کی پیٹرول کی یومیہ برآمدات بھی کم ہو کر اوسطاً 5 لاکھ بیرل سے کم رہ گئی تھیں۔
پیٹرول برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم ‘اوپیک ‘ کی 14 مئی کو جاری کردہ حالیہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق اپریل کے مہینے میں ایران کی اوسط یومیہ پیداوار 32 لاکھ 12 ہزار بیرل یعنی ایک مہینہ قبل کے مقابلے میں 14 ہزار بیرل زیادہ رہی تھی۔