نئی دہلی: نوبل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس کی قیادت میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کل جمعرات کو حلف لے گی۔ آرمی چیف جنرل وقار الزماں نے یہ اطلاع دی۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل وقار نے کہا کہ عبوری حکومت جمعرات کی رات 8 بجے لے سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مشاورتی کونسل 15 ارکان پر مشتمل ہو سکتی ہے۔
خیال رہے کہ صدر محمد شہاب الدین نے منگل کو ماہر اقتصادیات یونس (84) کو عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ اس سے ایک روز قبل وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ملازمتوں میں ریزرویشن سے متعلق تنازع پر پرتشدد مظاہروں کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ملک چھوڑ دیا تھا۔