گیبرون (ڈیلی پاکستان آن لائن) افریقی ملک بوٹسوانا کے صدر نے جرمنی کو 20 ہزار ہاتھی بھجوانے کی انوکھی دھمکی دے دی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق جرمنی کی جانب سے ٹرافی ہنٹنگ پر پابندی لگانے کا خدشہ سامنے آنے پر بوٹسوانا کے صدر نے ہزاروں ہاتھی بھجوانے کی دھمکی دی، ٹرافی ہنٹنگ سے مراد ہے کہ معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کو نسل کشی سے بچایا جا سکے۔ اس عمل کے تحت شکاریوں کو مخصوص مہینوں میں معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کے شکار کی خود ہی دعوت دی جاتی ہے جس کے ذریعے صرف بوڑھے نر جانوروں کو شکار کیا جاتا ہے۔ اس سے دو فائدے ہوتے ہیں، شکاری قانونی طریقے سے اپنا شوق پورا کرتے اور پابندی والے مہینوں میں شکار سے اجتناب کرتے ہیں۔ اس عمل سے نوجوان جانور جو نسل بڑھا سکتے ہیں، ان کو بچا لیا جاتا ہے۔
جرمنی کی جانب سے ٹرافی ہنٹنگ پر پابندی لگانے کے اشارے پر بوٹسوانا کے صدر نے اس لئے دھمکی نما بیان دیا کہ بوٹسوانا میں دنیا بھر میں ہاتھیوں کی کل تعداد کا ایک تہائی حصہ پایا جاتا ہے جو وہاں پر آبادی زیادہ بڑھنے کے سبب انسانوں کیلئے بعض اوقات مشکلات کا سبب بن جاتے ہیں۔
بوٹسوانا کے صدر موکویٹسی ماسیسی کا طنزیہ طور پر کہنا تھا کہ اگر وہ جرمنی کو بھی 20 ہزار ہاتھی بھیجنا چاہتے ہیں تا کہ انہیں اندازہ ہو کہ ہاتھیوں کے درمیان رہنا کیسا ہے جو گھروں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور فصلیں بھی برباد کر دیتے ہیں۔ ٹرافی ہنٹنگ ہاتھیوں کی تعداد ایک حد میں رکھنے کا اہم ذریعہ ہے، اس پر پابندی لگانے سے بوٹسوانا کے لوگوں کی غربت میں اضافہ ہو گا۔