پیرس (ڈیلی پاکستان آن لائن)فرانس کی نئی وزیر تعلیم ایملیا اودیا کستیغا پر بچوں کو پرائیویٹ سکول بھیجنے کے فیصلے کی وجہ سے دباؤ بڑھ رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ہفتے کابینہ میں سابق جونیئر ٹینس چیمپئن کو وزارت تعلیم کا عہدہ دیا گیا تھا۔ ان کے پاس وزیر کھیل کا عہدہ بھی ہے۔
نئی ذمہ داریوں کے ساتھ ایملیا اودیا کستیغا پیرس میں نہ صرف 2024 کے اولمپکس کی تیاریوں کی قیادت کریں گی بلکہ فرانسیسی سیاست کے سب سے حساس معاملے کو بھی سنبھالیں گی۔
وزیر تعلیم کے مطابق بچوں کو پرائیویٹ سکول بھیجنے کا انتخاب اس لیے کیا کیونکہ ایک بیٹے کے سکول میں غیرحاضری کے وقت متبادل استاد کا انتظام نہیں تھا۔بطور وزیر تعلیم پیرس کے ایک سکول کے پہلے دورے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ملک بھر میں دیگر سینکڑوں خاندانوں کی طرح تنگ آ چکی تھیں۔