آسام رائفلز سے تعلق رکھنے والے ایک بھارتی فوجی نے اپنے ہی ساتھی فوجیوں پر فائرنگ کر کے 6 کو زخمی کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان-میانمار سرحد کے قریب آسام رائفلز کے ایک جوان نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کر دی، جس میں چھ زخمی ہو گئے۔
منی پور پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ منی پور میں جاری تشدد سے بالکل مختلف ہے اور اسے اس تشدد سے نہیں جوڑا جانا چاہیے، زخمی بھارتی فوجیوں میں سے کوئی بھی منی پور کا نہیں ہے، فائر کرنے والے فوجی نے خود کو بھی گولی ماری۔
پولیس حکام کے مطابق خود کو گولی مارنے والا نان کمیشنڈ افسر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے، وہ حال ہی میں چھٹیوں سے واپس ڈیوٹی پر آیا تھا، رات کے وقت اس نے اچانک اپنی بندوق لوڈ کی اور خود کو گولی مارنے سے پہلے اپنے ساتھیوں پر گولی چلا دی۔
حکام نے معاملے کا پتا لگانے کے لیے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔