نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت کے علاقے گروگرام میں انڈے کا سالن پکانے سے انکار کرنے پر 35 سالہ شخص نے اپنی پارٹنر کو ہتھوڑے اور اینٹوں سے مار مار کر بیدردی سے قتل کردیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی میڈیا نے بتایا کہ یہ جوڑا 6 ماہ سے لیو ان ریلیشن شپ میں ایک زیر تعمیر مکان میں رہ رہا تھا۔ پولیس نے سفاک قاتل للن یادیو کو حراست میں لے لیا جبکہ مقتولہ کی شناخت 32 سالہ انجلی کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کو قتل کی اس ہولناک واردات کی اطلاع مزدوروں نے دی جو عمارت کے زیر تعمیر حصے میں کام کر رہے تھے۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہاں خاتون کو خون میں لت پت پایا۔پولیس نے خاتون کے ساتھ رہنے والے پارٹنر 35 سالہ للن یادیو کو گرفتار کرلیا جس نے بتایا کہ اس کی بیوی 6 ماہ قبل سانپ کے کاٹنے سے مر گئی تھی اور وہ گھر والوں سے لڑ کر دہلی آگیا جہاں اس کی ملاقات انجلی سے ہوئی اور دونوں نے ساتھ رہنا شروع کیا۔
بعد ازاں یہ دونوں اسی عمارت میں بطور مزدور کام کرنے لگے اور یہیں رہتے بھی تھے۔ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ گزشتہ شب انڈے کا سالن نہ بنانے پر جھگڑا ہوا اور میں نے غصے میں آکر ا±سے اینٹوں اور ہتھوڑے سے مار دیا۔