بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے بھارت کی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ پر ردعمل دینے ہوئے ایسی شرانگیزیوں کو امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ بھارتی ایجنٹوں کی طرف سے پاکستان میں شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ پر پاکستان کی طرف سے فراہم کی گئی معلومات قابل توجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی کی پاکستان میں ایجنٹوں کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ پر ونوں ممالک کے مابین سفارتی تناﺅ میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسے اقدامات سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا اور صرف ایک دوسرے پر جوابی کارروائی ہو سکتی ہے جو خطے میں امن کے لیے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین تمام ممالک کے مابین انسداد دہشت گردی کے تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ساتھ کھڑا ہے تاکہ مشترکہ طور پر ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ نے گزشتہ ہفتے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی انٹیلی جنس کے ایجنٹوں کے پاکستانی شہریوں کے قتل میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کیے تھے۔