نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں ہاتھی کے ساتھ سیلفی لینے کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 23 سالہ شری کانت سترے اپنے دوستوں کے ساتھ گڈچرولی ضلع میں کیبل بچھانے کے کام کے سلسلے میں آیا تھا جسے ہاتھی نے روند دیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 3 روز قبل منگل کو متنور کے جنگلاتی علاقے اباپور جنگل میں ہاتھی کے گھومنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس پر شری کانت اور اس کے 2 دوستوں نے ہاتھی کو دیکھنے کا فیصلہ کیا۔
تینوں دوست جنگل میں موجود تھے کہ شری کانت نے ہاتھی کو دیکھا اور دور سے ہاتھی کے ساتھ سیلفی لینے کا فیصلہ کیا جو ہاتھی کو ایک آنکھ نہ بھایا اور اس نے تیزی سے حملہ کرکے شری کانت کو کچل ڈالا۔
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ شری کانت کے دونوں دوست اپنی جان بچا کر بھاگنے میں کامیاب ہوگئے۔