نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ایک باشندے کو بیک وقت3 سرکاری ملازمتوں کا آفر لیٹر ملا ہے، پروین کمار عثمانیہ یونیورسٹی کے ایجوکیشنل ملٹی میڈیا ریسرچ سینٹر میں 5سال سے رات کے چوکیدار کی حیثیت سے کام کر رہا تھا۔
“آج نیوز “کے مطابق پروین کمار کے والد راج مستری ہیں اور ماں زندگی بھر گھر میں بیڑیاں بناتی رہی ہیں۔شدید افلاس زدہ گھرانے کا فرد ہونے کے باوجود پروین کمار نے ہمت نہ ہاری اور ہائی سکول ٹیچر بننے کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی راہ پر گامزن رہا۔کئی سال کی ان تھک محنت کے نتیجے میں پروین کمار نے اپنی تعلیمی قابلیت بلند کی اور کئی امتحانوں سے گزرنے کے بعد ڈسٹرکٹ بورڈ میں مقابلے کے امتحان میں شریک ہوا۔
اس امتحان میں ایک بار ناکام ہونے پر بھی اس نے ہمت نہ ہاری اور تیاریاں کرتا رہا۔اب اسے ایک ہائی سکول ٹیچر کی حیثیت سے کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ وہ بہت جلد ہائی سکول ٹیچر کی حیثیت سے ملازمت شروع کرنے والا ہے۔پروین کمار کو ابتدائی طور پر تنخواہ کی مد میں کم و بیش 80 ہزار بھارتی روپے ملا کریں گے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم کم و بیش 2 لاکھ 68 ہزار روپے بنتی ہے۔