کوچ بہار ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ووٹوں کی خاطر ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگا دیئے۔ مغربی بنگال کے علاقے کوچ بہار سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار نسیت پرمانک نے تمام تر توجہ اس وقت سمیٹ لی جب انہوں نے انتخابی ریلی کے دوران ووٹ مانگنے کے لیے ’اللہ اکبر‘ کے نعرے بلند کیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کے علاقے دنہاٹا میں نسیت پرمانک کی حمایت میں گزشتہ روز بی جے پی کی اقلیتی مورچہ ریلی نکالی گئی۔ بی جے پی کوچ بہار کے صدر اور ایم ایل اے سوکمار رائے کا کہنا ہے کہ ابھی صرف2اسمبلی حلقوں سیتائی اور دنہاٹا کے مسلمانوں کے ساتھ ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا لیکن جلد ہی ضلع کوچ بہار کے تمام مسلمانوں کے ساتھ ریلی نکالیں گے۔
خیال رہے کہ مسلمانوں کو بطور ووٹ بینک استعمال کرنے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر و جرائم کے بھارتی تاریخ میں سب سے زیادہ واقعات رونما ہوئے ہیں۔