انقرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )ترکیہ میں سحری پر جگانے والے خواتین کے گروپ سے کچھ لوگ خوش جبکہ کچھ ناراض دکھائی دے رہے ہیں۔
روزنامہ جنگ نے غیرملکی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوسرے دن کی سحری کے وقت خواتین کے ایک گروپ نے ترک ریاست مارسین کے ساحلی علاقے میں ڈھول بجا کر اور نغمے گا کر رہائشیوں کو جگایا۔رپورٹس کے مطابق خواتین کا یہ بینڈ کئی سال سے لوگوں کو ڈھول بجا کر سحری کے لئے جگا رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ گروپ صرف خواتین پر مشتمل ہے جو ریاست مارسین میں اپنے رہائشی علاقے میں سحری کے وقت مل کر گانے گاتی ہیں اور لوگوں کو سحری میں جگاتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز کے بعد صارفین کی طرف سے اس پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔بعض صارفین نے ان کی حمایت کی ہے جبکہ بعض اس پر ناخوش دکھائی دیتے ہیں۔