نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) چند سال قبل امریکہ کی شکست کے بعد طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھالا تو افغان فوج کے 200سے زائد ایلیٹ فوجی ٹریننگ کے لیے بھارت میں موجود تھے، جو وہیں پھنس گئے۔ان فوجیوں میں کوئی اب بھارت میں حجام بن چکا ہے، کوئی کسی ہوٹل میں ویٹر اور کوئی جم ٹرینر۔
الجزیرہ کے مطابق 29سالہ ذکی مارزئی نامی افغان شہری بھی ان فوجیوں میں شامل تھا جو ٹریننگ کے لیے بھارت میں موجود تھے، جب پیچھے سے افغان حکومت اور افغان فوج ہی کا سرے سے خاتمہ ہو گیا اور یہ فوجی لاوارث بھارت میں ہی پھنس گئے۔ ذکی مارزئی اب نئی دہلی میں حجام کا کام کرتا ہے۔
تین سال قبل ذکی افغانستان کی سپیشل فورس میں ایک فوجی تھا، جو طالبان کے خلاف لڑنے کے لیے نیٹو فوج نے تیار کی تھی مگر یہ فوج طالبان کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ ذکی نے 2015ء میں افغان فوج میں ملازمت کی اور اب کمشنڈ آفیسر بننے جا رہا تھا کہ سب کچھ تلپٹ ہو گیا اور جس فوج میں اسے کمشنڈ آفیسر بننا تھا وہ فوج ہی ختم ہو گئی۔
ذکی مارزئی کا کہنا ہے کہ جس رات افغانستان پرطالبان کا قبضہ ہوا، میں تمام رات روتا رہا۔ میں دل شکستہ تھا۔ میں اپنےملک، اپنی فیملی کے پاس واپس جانے اور اپنے ملک کی فوج میں خدمات سرانجام دینے کے خواب دیکھ رہا تھا لیکن اب میں یہاں (بھارت میں) پھنس چکا ہوں اور اپنے ملک بھی نہیں جا سکتا۔
27سالہ خلیل شمس نامی افغان فوجی اب نئی دہلی کے ایک ریستوران میں ویٹر کا کام کرتا ہے۔ وہ 2020ء میں بھارت کی ایلیٹ انڈین ملٹری اکیڈمی (آئی ایم اے) میں ٹریننگ کرنے گیا تھا اور پھر بھارت میں ہی پھنس گیا۔ جب تک خلیل شمس اور اس کےساتھی افغان فوجیوں نے بھارتی ریاست اترکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون میں واقع اس ملٹری اکیڈمی میں ٹریننگ مکمل کی، افغانستان پر طالبان کا قبضہ ہو گیا۔
خلیل شمس بتاتا ہے کہ اس کے ساتھ 200سے زائد افغان فوجی بھارت میں زیرتربیت تھے۔ ان میں سے کچھ ایران، کینیڈا، امریکہ اور یورپ چلے گئے اور جو مغربی ممالک کا ویزا حاصل نہ کر سکے وہ اب بھارت میں ہی مختلف ملازمتیں کر رہے ہیں۔