Wednesday, December 25, 2024
ہومWorldجرمنی: دو افغان سویڈن میں قرآن نذر آتش کیے جانے کے بعد...

جرمنی: دو افغان سویڈن میں قرآن نذر آتش کیے جانے کے بعد حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار


  • افغان باشندے، داعش سے منسلک تھے اور اس سے رابطے کے ساتھ کام کر رہے تھے۔
  • سویڈن میں قران کی بے حرمتی کے ردعمل میں وہ سویڈش پارلیمنٹ کے قریب پولیس کو ہدف بنانا چاہتے تھے۔
  • اپنے ہدف کا انتخاب انہوں نے آن لائن ریسرچ سے کیا۔
  • وہ داعش کے لیے عطیات اکھٹے کرنے میں بھی ملوث تھے۔

وفاقی استغاثہ نے بتایا کہ جرمن پولیس نے منگل کے روز دو افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا جن پر قرآن کو نذر آتش کرنے کے خلاف سویڈش پارلیمنٹ کے قریب پولیس پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام تھا۔

مشتبہ افراد کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ابراہیم ایم جی اور رامین این کے ناموں سے ہوئی ہے۔ فیڈرل پراسیکیوٹر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رامین این کو مشرقی شہر گیرا سے حراست میں لیا گیا۔

جرمنی کے رازداری کے قوانین کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت ان کے پہلے ناموں اور ناموں کے پہلے حروف سے کی گئی ہے۔

استغاثہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش سے وابستہ افراد کو 2023 کے وسط میں سویڈن اور دیگر ممالک میں قرآن جلانے کے ردعمل میں یورپ میں حملہ کرنے کا کام سونپا تھا۔

سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف لاہور میں خواتین کا مظاہرہ۔18 جولائی 2023

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں نے داعش کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں پارلیمنٹ کے قریب پولیس اور دیگر لوگوں پر حملے کی تیاری کی تھی، جس میں حملے کے مقام کے لیے آن لائن ریسرچ بھی شامل تھی۔ انہوں نے ہتھیار حاصل کرنے کی ناکام کوشش کی، مگر وہ اپنے منصوبے کو پایہ تکمیل تک نہ پہچا سکے۔

اسلام مخالف کارکنوں نے سویڈن میں قرآن کو کھلے عام نذر آتش کیا تھا، جس نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ کو ہوا دی اور اسلامی انتہا پسندوں کی طرف سے دھمکیاں دیں گئیں۔ اکتوبر میں، ایک مسلح شخص نے برسلز میں ایک میچ سے قبل سویڈن کے دو فٹ بال شائقین کو ہلاک کر دیا تھا۔

دھمکیوں اور ردعمل کے خدشات کے پیش نظر سویڈش حکام کو اگست میں دہشت گردی کے بارے میں اپنی وارننگ کو دوسری اعلیٰ ترین سطح پر لے جانا پڑا تھا۔ انہیں اسی طرح کی بڑھتے ہوئے خدشات کا سامنا تھا جیسا کہ 2006 میں ڈنمارک کو پیغمبر اسلام کے خاکوں کی اشاعت کے بعد مسلم ممالک کی طرف سے تھا۔

ڈھاکہ بنگلہ دیش میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف ریلی۔ 7 جولائی 2023

ڈھاکہ بنگلہ دیش میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف ریلی۔ 7 جولائی 2023

اس کے ردعمل میں ڈنمارک کے قونصل خانوں اور سفارت خانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات ہوئے اور بنیاد پرست اسلام پسندوں کی طرف سے خاکے بنانے والے کارٹونسٹ کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈنمارک کے حکام نے دنیا کو یہ بتانے کی کوشش کی کہ ملک کے آزادی اظہار کے قانون کے تحت مذکورہ خاکوں کو تحفظ حاصل ہے جسے مسلم دنیا میں بڑے پیمانے پر مسترد کر دیا گیا۔

استغاثہ نے بتایا کہ ابراہیم ایم جی نے رامین این کے ساتھ مل کر اگست 2023 میں داعش سے منسلک ایک گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے شمالی شام کی ایک جیل میں قید ایک رکن کی مدد کے سلسلے میں داعش کے لیے 2000 یورو ( 2170 ڈالر) کے عطیات جمع کیے تھے۔

گرفتار کیے گئے افغان باشندوں پر دہشت گرد تنظیم کو مدد فراہم کرنے، جرم کی سازش کرنے اور تجارتی قوانین کی خلاف ورزی سمیت متعدد جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

(اس رپورٹ کے لیے اے پی سے معلومات حاصل کی گئیں ہیں)



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں