میڈرڈ (ویب ڈیسک) سپین میں ایک خاتون نے ان کی بیٹی کی عصمت دری کرنے والے شخص کو جیل سے رہائی کے بعد آگ لگا کر قتل کر دیا۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق سپین سے تعلق رکھنے والی ماریا ڈیل کارمین گارسیا کی 13 سالہ بیٹی ویرونیکا کو ان کے پڑوسی انتونیو کوسمے نے 1998 میں عصمت دری کا شکار بنایا تھا، جس کے بعد اسے 9 سال کیلئے جیل بھیج دیا گیا تھا۔جون 2005 میں رہائی کے بعد وہ شخص ڈھٹائی کے ساتھ ماریا کے گھر کے پاس ایک بس اسٹاپ پر اس کے قریب پہنچا اور استفسار کیا کہ ’اس کی بیٹی کیسی ہے‘۔
اس کے بعد وہ شخص بے فکری کے ساتھ ایک مقامی بار میں چلا گیا، جبکہ غصے اور خوف میں مبتلا ماریا قریبی فیول سٹیشن سے پیٹرول خریدنے جا پہنچی۔بدلے کے خیالات دماغ لئے ماریا بار میں گھسی، اس شخص پر پیٹرول ڈالا اور اسے آگ لگا دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کوسمے نامی اس شخص کے جسم کا 90 فیصد حصہ جھلس گیا اور وہ بالآخر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ماریا کو بعد میں بندرگاہ پر پریشان پایا گیا اور اس نے اپنے فعل کا اعتراف کیا۔
ماریا نے کہا کہ اس کا ارادہ کوسمے کو مارنے کے بجائے اپنی بیٹی کی اذیت کے ایک ٹکڑے کی ادائیگی کے طور پر ڈرانا یا شدید زخمی کرنا تھا۔
ماریی کو ابتدائی طور پر قتل کے جرم میں ساڑھے 9 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، لیکن ایک اپیل پر اسے کم کر کے ساڑھے پانچ سال کر دیا گیا۔
لیکن یہ کم مدت بھی لوگوں میں غم و غصے کا باعث بنی اور اذیت زدہ ماں کے لیے حمایت کی ایک لہر کو جنم دیا، قوم اس کے جیل میں رہنے کے خلاف آواز اٹھا رہی تھی۔
اس کی حالت زار نے ملک بھر کے دلوں کو چھو لیا اور ایک ہنگامہ برپا کر دیا، اس کے حق میں مہم چلانے والوں نے درخواستیں لکھیں جن پر ہزاروں دستخط جمع ہوئے اور اس کی ذہنی صحت کی شدید جدوجہد کو اجاگر کیا۔
2011 میں، ایک سال اور 10 دن جیل میں گزارنے کے بعد ماریا کی سزا معطل کر دی گئی کیونکہ وہ معافی کی منتظر تھی، عدالت نے ”خصوصی حالات“ کا حوالہ دیتے ہوئے، بشمول اس کی مجرمانہ تاریخ کی کمی اور مقدمے کی سماعت کے دوران اس کی ذہنی حالت کا ذکر کیا۔
اس کے باوجود، ماریہ کو 2013 میں سزا معطلی کے خلاف ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد جیل کی سلاخوں کے پیچھے واپس بھیج دیا گیا۔ 2017 میں اسے دن کے وقت کی چھٹی دے دی گئی، جس سے آنے والے سال میں اس کی مکمل آزادی کی راہ ہموار ہوئی۔