ماسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) روس کا ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں 65 افراد سوار تھے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق روسی فوج کا طیارے سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ یوکرینی جنگی قیدیوں کو لے کر جا رہا تھا کہ یوکرینی سرحد کے قریب زمین پر آ گرا۔ روسی وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ طیارہ بلگورو کے علاقے میں گرا اور اس میں جنگی قیدی سوار تھے جن کی تعداد 65 بتائی گئی ہے۔ ان یوکرینی جنگی قیدیوں کو تبادلے کیلئے یوکرین لے جایا جا رہا تھا۔ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔
اس سے قبل آج کینیڈا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوا جس نے فورٹ سمتھ سے اڑان بھری تھی تاہم اس کا ٹیک آف کرتے ہی کنٹرول ٹاور سے رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔ اس حادثے میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔