|
ویب ڈیسک — روس کی وزارتِ دفاع نے ہفتے کو ایک بیان میں یوکرین کے ایک گاؤں پر قبضے اور امریکی ساختہ آٹھ میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق روس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین کے مشرقی علاقے لوہانسک کے ندیا گاؤں پر قبضہ کیا ہے۔
تاہم رائٹرز کا کہنا ہے کہ میدانِ جنگ سے فوری طور پر روس کے دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
روسی وزارتِ دفاع کے مطابق اس کے ڈیفنس سسٹم نے ہفتے کی صبح روسی فضائی حدود میں آنے والے یوکرین کے 10 ڈرونز بھی مار گرائے ہیں جن میں سے تین ڈرونز شمالی علاقے لیننگریڈ میں گرائے گئے ہیں۔
روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ کے پلکووو ایئرپورٹ پر ہفتے کو طیاروں کی آمد و رفت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق وزارتِ دفاع نے کہا کہ روس نے یوکرین کے جس گاؤں پر قبضہ کیا ہے وہ لوہانسک خطے میں ان چند علاقوں میں شامل ہے جہاں یوکرین کا کنٹرول باقی تھا۔
اے ایف پی کے مطابق روس نے گزشتہ سال کے دوران یوکرین کے تقریباً چار ہزار اسکوائر کلومیٹر رقبے پر قبضہ کیا ہے۔
یوکرین جنگ کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر شہریوں پر حملے کرنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
روس نے فروری 2022 میں جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرین پر حملہ کیا تھا۔ روس اس کارروائی کو خصوصی ملٹری آپریشن قرار دیتا ہے۔ اس جنگ میں بڑی تعداد میں عام شہری ہلاک اور بے گھر ہو چکے ہیں۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں اداروں ‘رائٹرز’ اور ‘اے ایف پی’ سے لی گئی ہیں۔