Thursday, December 26, 2024
ہومWorldسابق بنگلہ دیشی وزیر کروڑوں ڈالرز کے مالک نکلے

سابق بنگلہ دیشی وزیر کروڑوں ڈالرز کے مالک نکلے



ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے دور حکومت میں وزیر برائے اراضی رہنے والے سیف الزمان چوہدری نے بیرون ملک کروڑوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی، مگر اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کے سابق وزیر برائے اراضی، سیف الزمان چوہدری نے لندن، دبئی اور نیو یارک میں لگژری جائیدادوں پر 50 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی، لیکن اپنے  ملک میں  جمع کروائے گئے ٹیکس ریٹرن میں بیرونِ ملک اثاثے ظاہر نہیں کیے۔

عرب میڈیا کے مطابق سیف الزمان چوہدری کا تعلق چٹاگانگ کے ایک طاقتور خاندان سے ہے اور انہوں نے ملکی قوانین، جو شہریوں کو بنگلہ دیش سے صرف 12,000 ڈالر سالانہ باہر لے جانے کی اجازت دیتے ہیں، کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی جائیدادوں کی سلطنت بنائی۔

رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سیف الزمان چوہدری نے 2016 سے اب تک برطانیہ میں 360 مکانات خریدے۔ بنگلہ دیش کے مرکزی بینک نے ان کے اور ان کے خاندان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں، جبکہ انسداد بدعنوانی کمیشن نے ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

 تحقیقات میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے “ہزاروں کروڑ ٹکا” غیر قانونی طور پر حاصل کیے اور برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے ذریعے منتقل کیے۔

اس حوالے سے سیف الزمان چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کی بیرونِ ملک جائیدادیں قانونی کاروباروں سے حاصل ہونے والی آمدنی سے خریدی گئیں، جن کا تعلق بنگلہ دیش سے نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات، امریکہ اور برطانیہ سے ہے۔ انہوں نے ان الزامات کو سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔

بنگلہ دیش کے آئین کے مطابق سیاست دانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنے بیرونِ ملک اثاثے ظاہر کریں، تاہم سیف الزمان چوہدری نے اس قانون کی خلاف ورزی کی۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں