لندن (نیوز ڈیسک)سیاحوں کیلیے محفوظ ترین ٹاپ3شہروں کے نام سامنے آ گئے۔
تفصیلات کے مطابق سنگاپور کو دنیا میں سیاحوں کے لیے سب سے محفوظ شہر قرار دیا گیا ہے۔ فوربز ایڈوائزر کی ایک نئی تحقیق میں جرائم، طبی سہولیات کے معیار، قدرتی آفات کے خطرات اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھ کر شہروں کو 0سے 100سکور دیئے گئے۔سب سے زیادہ خطرناک شہر کو 100جبکہ محفوظ ترین شہر کو 0 سکور ملا۔ 60شہروں کے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے بعد سنگاپور کو 0 سکور دیا گیا جہاں قدرتی آفات کا خطرہ سب سے کم ہے جبکہ وہاں صحت، جرائم اور دیگر خطرات کا سامنا بھی نہیں ہوتا۔ سنگاپور کے بعد ٹوکیو اور ٹورنٹو بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر سیاحوں کے لیے محفوظ ترین شہر قرار دیئے گئے۔ سڈنی (آسٹریلیا)، زیورخ (سوئٹزر لینڈ)، کوپن ہیگن (ڈنمارک)، سیئول (جنوبی کوریا)، اوساکا (جاپان) اور میلبرن اس فہرست میں بالترتیب 4سے 10ویں نمبر پر رہے۔
“جنگ ” کے مطابق دنیا کے جس واحد شہر نے 100سکور حاصل کیا وہ وینزویلا کا دارالحکومت کاراکاس ہے جسے سیاحوں کے لیے دنیا میں سب سے خطرناک شہر قرار دیا گیا۔ حیران کن طور پر اس تحقیق میں کراچی کو سیاحوں کے لیے دوسرا خطرناک ترین شہر قرار دیا گیا جہاں ذاتی سیکیورٹی کو سب سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ میانمار کا شہر Yangon تیسرے نمبر پر رہا جبکہ نائیجریا کا شہر لاگوس چوتھے، فلپائن کا دارالحکومت منیلا 5 ویں اور بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ چھٹے نمبر پر رہا۔