شارجہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)متحدہ عرب اماراتکے شہر شارجہ میں اپارٹمنٹ میں آگ بھڑک اٹھنے کے بعد پاکستانی شہری عمران خان اور ان کی 11 سالہ بیٹی دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
اماراتی میڈیا کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا۔ امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل ترمذی کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنے خاندان کے ساتھ شارجہ میں مقیم تھے جہاں یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ خاندان کے سربراہ عمران خان اور ان کی ایک بچی اس حادثے میں جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ اور دو بچوں کو القسیمی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔
یہ حادثہ شارجہ کے رہائشی علاقے مویلح میں پیش آیا اور ہلاکتیں دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئیں۔
فیصل ترمذی کا کہنا تھا کہ دبئی میں پاکستانی قونصل خانہ اس کمپنی سے رابطے میں ہے جہاں عمران خان ملازمت کرتے تھے۔
انہوں نے کہا پاکستانی قونصل خانے نے دکھ اور آزمائش اس کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔