23 دسمبر کو حمص شہر میں ایک اجتماعی قبر ملی تھی جس میں 1200 سے زائد لاشیں تھیں جنہیں بشار الاسد کے دور حکومت میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی تھی۔
شام میں اجتماعی قبروں کی تلاش جاری ہے۔ ان قبروں کو ان خلاف ورزیوں کا سب سے بڑا گواہ سمجھا جا رہا ہے جو شام کی سابق حکومت کے دور میں ملک میں قیدیوں کے خلاف کی جاتی تھیں۔العربیہ کے نمائندے کے مطابق اتوار کو حمص کے دیہی علاقوں میں 4 اجتماعی قبریں ملی ہیں۔
اتوار کو ہی سیریئن آبزرویٹری نے القابو گاؤں میں 3 اجتماعی قبروں کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔ ان چار قبروں سے 20 لاشوں کی باقیات ملی ہیں۔ ان مرنے والوں کے بارے میں امکان ہے کہ سابق ادوار میں انہیں گرفتار یا زبردستی لاپتہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے 23 دسمبر کو حمص شہر میں ایک اجتماعی قبر ملی تھی جس میں 1200 سے زائد لاشیں تھیں جنہیں بشار الاسد کے دور حکومت میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی تھی۔ حمص کے ملٹری اسپتال سے لاشیں حمص میں دفنائی جا رہی تھیں۔ اجتماعی قبریں بشار الاسد کے خونی دور کو بے نقاب کر رہی ہیں۔
بشار الاسد کے زوال کے بعد سے اب تک سیریئن آبزرویٹری کی دستاویزات کے مطابق دریافت ہونے والی اجتماعی قبروں کی کل تعداد 9 ہوگئی ہے۔ ان قبروں سے 1,475 مقتولین کی باقیات ملی تھیں۔ درعا میں 2 اجتماعی قبروں سے 127 لاشیں ملی تھیں۔ دمشق کے دیہی علاقوں میں 3 اجتماعی قبریں ملی ہیں جن میں 128 لاشیں ہیں۔ حمص کی چار اجتماعی قبروں میں سے 1,220 لاشوں کی باقیات ملی ہیں۔