(ویب ڈیسک)سابق امریکی صدر اور ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 2020 کے صدارتی انتخابات ہارنے کے بعد انہیں وائٹ ہاؤس نہیں چھوڑنا چاہیے تھا۔
پینسلوینیا کے شہر لٹز میں الیکشن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ 2020 میں صدارتی انتخابات کے نتائج اور شکست قبول نہیں کی تھی،انہیں سچ میں لگتا ہے کہ اس وقت انہیں وائٹ ہاؤس نہیں چھوڑنا چاہیے تھا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں ہماری سرحد اس وقت سب سے زیادہ محفوظ تھی جب وہ اقتدار سے الگ ہو رہے تھے، ہم نے بہت اچھا کام کیا تھا،ہمارے پاس بہت کچھ تھا لیکن آج ہر پولنگ بوتھ پر سینکڑوں وکیل کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا میں 2020 کے صدارتی انتخابات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے جو بائیڈن کے مقابلے میں اپنی شکست اور انتخابی نتائج کوتسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
“نیویارک ٹائمز” کی رپورٹر میگی ہیبرمین کی 2022 میں شائع ہونے والی کتاب میں لکھا گیا تھا کہ اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے معاونین سے کہا تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس نہیں چھوڑیں گے اور وائٹ ہاؤس میں رہ کر آنے والے صدر جو بائیڈن کو ذمہ داریاں سنبھالنے نہیں دیں گے،اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک معاون سے کہا تھا کہ میں بس یہاں سے نہیں جاؤں گا، ہم نہیں چھوڑ رہے، ایک اور معاون سے ٹرمپ نے کہاتھا کہ آپ کیسے چھوڑ سکتے ہیں جب آپ انتخابات جیت چکے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات کل یعنی 5 نومبر کو ہورہے ہیں جن میں ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔