ولاڈی ووستوک ( مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ( ن) کے رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان برکس میں شامل ہونے کے لیے پُرامید ہے۔دوسری عالمی جنگ کے بعد عالمی اقتصادی اور سیاسی نظام ٹوٹ رہا ہے،اسرائیل کے حمایتی بھی اپنے دہرے معیار اور غزہ میں نسل کشی میں مدد دینے کی وجہ سے بے نقاب ہو چکے ہیں۔
“جنگ ” کے مطابق روس کی حکمراں جماعت متحدہ روس کی میزبانی میں برکس فورم کی 2روزہ تقریب کا انعقاد شمالی کوریا اور جاپان کے قریب واقع روس کی بندرگاہ ولاڈی ووستوک میں ہوا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان 26-2025ء کے دوران سلامتی کونسل کے رکن کے طور پر مظلوموں کے لیے مضبوط آواز ہو گا۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد عالمی اقتصادی اور سیاسی نظام ٹوٹ رہا ہے، برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم جیسے ادارے نئے عالمی نظام کے ستون ہوں گے۔ نیا عالمی نظام بالادستی، فوجی آمریت اور دہرے معیار کو مسترد کرے گا۔
مشاہد حسین نے روس کے صدر پیوٹن کے 14 جون کے اقدام کا خیر مقدم کیا اور عالمی سلامتی کے اقدام کے لیے صدر شی جن پنگ کی کوشش کی بھی تعریف کی۔انہوں نے غزہ میں نسل کشی پر اپنے اصولی مؤقف کے لیے روس اور چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سیاسی، اخلاقی، قانونی اور سفارتی طور پر جنگ ہار چکا ہے۔اسرائیل کے حمایتی بھی اپنے دہرے معیار اور غزہ میں نسل کشی میں مدد دینے کی وجہ سے بے نقاب ہو چکے ہیں۔