یروشلم(مانیٹرنگ ڈیسک) غاصب اسرائیلی فوج نے درندگی کی انتہاءکرتے ہوئے جبالیہ کیمپ میں گھر چھوڑ کر جانے سے انکار کرنے پر ایک عمر رسیدہ فلسطینی خاتون پر کتا چھوڑ دیا۔الجزیرہ ٹی وی کی طرف سے اس انسانیت سوز فعل کی ویڈیو نشر کی گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں فوجی آپریشن کے دوران اسرائیلی فوجیوں کا ایک کتا معمر خاتون کے گھر میں داخل ہو کر اس پر حملہ کر دیتا ہے۔
ٹی وی کے مطابق یہ ویڈیو چند ہفتے پہلے کی ہے۔ اس حملے میں زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت دولت التنانی کے نام سے ہوئی ہے، جس کے ایک ہاتھ پر کتے نے بری طرح کاٹ کر اسے زخمی کیا۔ غزہ میں طبی سہولیات نہ ہونے کے سبب اس کا تاحال علاج نہیں ہو سکا۔ الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون کا کہنا تھا کہ ”اسرائیلی فوجیوں نے مجھے گھر خالی کرنے کو کہا مگر میں نے انکار کر دیا، جس پر انہوں نے مجھ پر اپنا کتا چھوڑ دیا۔“