واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی سینیٹ نے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف قرارداد مسترد کر دی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق امریکی سینیٹ میں قرارداد غزہ میں انسانی جانوں کے ضیاع کی تحقیقات کیلئے پیش کی گئی تھی، ایوان کے 100 میں سے 72 اراکین نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے قتل عام کو نسل کشی قرار نہیں دیتا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیل کے زیر استعمال اسلحے کی بڑی مقدار امریکہ مہیا کرتا ہے، وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکہ نے غزہ پر بمباری کیلئے اسرائیل کو بنکر بسٹر بم فراہم کئے جن کو استعمال کر کے اسرائیل فلسطینیوں کی نشل کشی کا مرتکب ہوا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیلی بدترین بمباری کے نتیجے میں بچوں ، صحافیوں اور ڈاکٹروں سمیت 24 ہزار 285 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 61 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔