نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں مشہور زمانہ انگریزی فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ کی طرز پر اے ٹی ایم لوٹنے والے گینگ کو پولیس نے آ خرکار پکڑ لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مختلف ریاستوں میں اے ٹی ایم لوٹنے اور 68 لاکھ روپے ساتھ لے کر بھاگنے والے 7 رکنی گینگ کو پولیس نے گاڑی اور رقم سمیت گرفتار کیا۔
بھارتی پولیس نے بتایا کہ ریاست تامل ناڈو میں ایک ڈرامائی انداز میں گینگ کو گرفتار کیا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں گینگ کا 1 رکن ہلاک ہوگیا اور باقی 6 کو زندہ گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گینگ نے ریاست ہریانہ میں تقریباً رات کے 2 بجے اے ٹی ایم کو لوٹا، گینگ اپنے طریقہ کار میں سی سی ٹی وی کیمروں کو ماسکنگ سپرے سے بلائنڈ کرتا تھا اور اے ٹی ایم کے باہر رپیئرنگ کا پرچہ لگاکر تسلی سے کارروائی کرتا تھا، گینگ اے ٹی ایم کے لاک کاٹنے کے لیے گیس کٹر کا استعمال کرتا تھا اور کیش نکالتا تھا جبکہ اس گینگ نے اگلے 2 گھنٹوں میں مزید 2 اے ٹی ایمز کو بھی اسی طرح لوٹا۔
پولیس نے بتایا کہ گینگ نے طریقہ واردات کو انگریزی فلم فاسٹ اینڈ فیوریس کی طرز پر اپنا رکھا تھا جس میں یہ گینگ کارروائی کرکے اپنی کار میں سوار ہوتا اور وہ کار ایک بڑے ٹرک میں داخل ہوجاتی۔
پولیس کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے علاقے نماکل میں ہونے والی واردات کی جیسے ہی اطلاع موصول ہوئی تو پولیس نے ایک ٹرک کو صبح کے 9 بجے ایک پوائنٹ پر رکنے کا اشارہ کیا جس پر ٹرک ڈرائیور نے رفتار کو تیز کردیا جس سے ٹرک نے1 کار اور 2موٹرسائیکلوں کو ٹکر بھی ماری جبکہ ٹرک کار کو تقریباً 300 فٹ تک گھسیٹ کر ساتھ لے گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد 2 درجن سے زائد پولیس کی گاڑیوں نے ٹرک کا پیچھا کیا اور کئی میل تک پیچھا کرنے کے بعد جب ٹرک کو روکا گیا تو اس کے کیبن میں 5 افراد موجود تھے جبکہ ٹرک کے اندر اے ٹی ایم مشینیں بھی تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ ایک ملزم نے پولیس پرحملہ کیا اور گینگ نے کیش لے کر بھاگنے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔