نیویارک (ویب ڈیسک) امریکا کے سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ سے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران اُنہیں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے اور ضروری ہو تو فوج کے طیارے اور بکتر بند گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم چلانے والی ٹیم کو امریکی خفیہ اداروں نے خصوصی بریفنگ دی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
خفیہ اداروں کی بریفنگ کے بعد صدر بائیڈن نے ایسے سیکیورٹی اقدامات کی ہدایت کی تھی جو برسرِ منصب صدر کے لیے ہوا کرتے ہیں۔ ٹرمپ کی انتخابی ٹیم کا کہنا ہے کہ ناکافی سیکیورٹی انتظامات کے باعث انتخابی جلسے بدنظمی کی نذر ہو رہے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ اور نیو یارک ٹائمز نے بتایا ہے کہ اب انتخابی ٹیم نے مطالبہ کیا ہے کہ لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹرز اور بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے ڈونلڈ ٹرمپ کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
صدارتی امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے والے سیکریٹ سروس کے نمائندے نے تصدیق کی ہے کہ اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کو انتہائی نوعیت کی سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے تاہم اُن کی طرف سے مزید سیکیورٹی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق سابق امریکی صدر ایوانِ صدر کے چیف آف اسٹاف جیف زاینٹس اور سیکریٹ سروس آفیسر روانلڈ رو سے مستقل رابطے میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ اُنہیں سیکیورٹی فراہم کرنے میں فوج براہِ راست اپنا کردار ادا کرے۔