|
ایک ایسے وقت میں جب جنگ بندی می پیش رفت کی کوششیں ناکام رہی ہیں، اسرائیل نے جمعے کو غزہ اور لبنانی سرحدپر حملے کیے، لبنان کے ساتھ اسرائیلی سرحد پر جنوبی لبنان کے ایک گاؤں پر اسرائیلی حملے میں دو خواتین کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی ہے۔
اسرائیلی افواج کی جمعہ کو غزہ پر حملے میں حماس کے عسکریت پسندوں سے لڑائی ہوئی ہے۔عینی شاہدوں نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح اور وسطی علاقوں پر حملوں کی اطلاع دی ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ فوجیوں نے وسطی غزہ میں کارروائیاں جاری رکھیں جہاں جنگی طیاروں نے زیتون کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے ایک سیل کو نشانہ بنایا۔
فوج نے بتایا کہ جمعرات کی رات شمالی غزہ سے جنوبی اسرائیل میں میزائل فائر کیے جانے کے بعد، توپ خانے اور طیاروں نے میزائل لانچ کیے جانے والے ان مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
حماس کے مسلح ونگ نے کہا کہ اس کے عسکریت پسندوں نے تل السلطان محلے کے قریب اسرائیلی فوجیوں پر مارٹر گولے داغے۔
اسرائیلی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، جنگ حماس کے 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر کیے گئے غیر معمولی حملے کے بعد شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں 1,194 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔
عسکریت پسندوں نے 251 یرغمالیوں کو بھی پکڑ لیا۔ ان میں سے 116 غزہ میں باقی ہیں، حالانکہ فوج کا کہنا ہے کہ 41 ہلاک ہو چکے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیل کی جوابی کارروائی میں غزہ میں کم از کم 37,266 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔
وزارت نے جمعہ کے روز کہا کہ اس تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 34 اموات شامل ہیں۔-
اسرائیل لبنان سرحد پر تشدد میں اضافہ –
لبنان میں مقیم حزب اللہ کے جنگجوؤں نے ، جنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے حماس کے ساتھ مل کر، اسرائیلی فوجی اہداف کے خلاف راکٹوں، میزائلوں اور ڈرونز برسارہے ہیں، مشرق وسطیٰ کے وسیع تر تنازعے کے خدشات ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں۔
حزب اللہ نے کہا تھا کہ بدھ کے روز سے شدید حملے اسرائیل کے ہاتھوں اس کے ایک کمانڈر کی ہلاکت کا بدلہ ہیں۔
شمالی اسرائیل میں اس وقت سائرن سنائی دیےجہاں پولیس نے کہا کہ گولہ کریات شمونہ کے علاقے میں گرا ہے، جس میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
فوج نے کہا کہ “لبنان سے گزرنے والے تقریباً 35 پروجیکٹائل کی نشاندہی کی گئی ہے”۔ ان میں سے کئی کو روک لیا گیا جبکہ کچھ نے علاقے میں آگ لگائی۔
اسرائیلی فورسز نے گولہ باری کا جواب دیا، فوج نے سرحد پار سے “حزب اللہ دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے” پر فضائی حملوں کا اعلان بھی کیا۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی قصبے جنتہ میں ایک مکان کو نشانہ بناتے ہوئے حملہ کیا۔
دو خواتین ہلاک ہوئیں، گاؤں کے اہلکار حسن شور نے کہا، غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان تقریباً روزانہ فائرنگ کے تبادلے میں تازہ ترین ہلاکتیں ہیں۔
جنتا نامی گاؤں حزب اللہ کے عسکریت پسندوں اور اسرائیلی افواج کے درمیان آٹھ ماہ سے زیادہ کی جھڑپوں سے بڑی حد تک محفوظ تھا، لیکن لبنانی گاؤں راتوں رات ہونے والے اس حملے سے ہل گیاجس میں حکام کے مطابق دو شہری ہلاک ہوئے۔ تاہم دکانداروں نے ٹوٹے ہوئے شیشے صاف کرکے سرحد پار سے بڑھتے ہوئے حملوں کے باوجود جمے رہنے کا عزم ظاہرکیا۔
“ہم رات کو بالکونی پر بیٹھے تھے، جب ہم نے اپنے سر پر ایک راکٹ اڑتے ہوئے محسوس کیا۔ پھر دنیا لرزنے لگی،” اسرائیل اور غزہ کے درمیان کراسنگ کی رہائشی خدیجہ حسینی نے اے ایف پی کو بتایا۔
جمعہ کی صبح، خدیجہ نے دیکھا کہ ان کی کپڑے کی دکان کو اس راکٹ حملے میں نقصان پہنچا ہے جس نے تقریباً 200 میٹر (650 فٹ) دور ایک عمارت کو نشانہ بنایاتھا۔
جنگ بندی ‘ہینگ اپ’
اٹلی میں جی 7 رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں، امریکی صدر جو بائیڈن نے حماس کو غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی پر کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے “اب تک کا سب سے بڑا ہینگ اپ” قرار دیا۔
فلسطینی گروپ نے غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلاء اور مستقل جنگ بندی پر اصرار کیا ہے، اس مطالبے کو اسرائیل بارہا مسترد کر چکا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے جمعرات کو کہا کہ ان کا ملک اور امریکہ کشیدگی کم کرنے کے لیے اسرائیلی اور لبنانی حکام کے ساتھ الگ الگ کام کریں گے۔
یہ رپورٹ اے ایف پی کی معلومات پر مبنی ہے۔