لبنان میں موجود اقوامِ متحدہ کے امن مشن (یو این آئی ایف آئی ایل) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی بعض تنصیبات اسرائیلی فوج کے حملوں کی زد میں آئی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنان کے جنوب میں واقع الناقورہ میں امن فوج کی ایک چوکی پر اسرائیلی ٹینک نے براہ راست گولہ داغا ہے اور اس بنکر پر بھی اسرائیلی فورسز نے حملہ کیا ہے جس میں امن فوج کے اہلکار کسی خطرے کی صورت میں پناہ لیتے ہیں۔
بیان میں اسرائیلی فورسز پر اقوامِ متحدہ کی امن فوج کی گاڑیوں اور کمیونیکیشن کے آلات کو تباہ کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
اٹلی کے وزیرِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ان حملوں میں امن فوج کے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جن کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔
اسرائیلی فورسز نے بھی تسلیم کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ان کی فائرنگ کی زد میں اقوامِ متحدہ کی امن فوج کا ایک اڈہ آیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے امن دستوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کے لیے متنبہ کر دیا تھا۔