Thursday, December 26, 2024
ہومWorldلبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں دس شہری ہلاک، حزب اللہ کی...

لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں دس شہری ہلاک، حزب اللہ کی جوابی کارروائی


حزب اللہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں میں اسرائیل کے حملوں میں اپنے دس شہریوں کی ہلاکت کے جواب میں ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے شمالی اسرائیل پر درجنوں راکٹ داغے ہیں۔ اقوام متحدہ نے تنازعے میں جو غزہ کی جنگ میں ساتھ ساتھ چلا ہے، تشدد میں اضافے کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اسے روکنے پر زور دیا ہے۔

اس سے قبل لبنان کے سرکاری میڈیا نے کہا تھا کہ لبنان میں اسرائیل کے دو فضائی حملوں میں عام شہریوں کی اموات کی تعداد بڑھ کر دس ہو گئی ہے۔ جب کہ گزشتہ روز کا حملہ چار ماہ سے زیادہ عرصے کی سرحد پار جھڑپوں میں مہلک ترین دن تھا۔

اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اس نے عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورس کے ایک سینئیر کمانڈر علی دبس کو ہلاک کر دیا ہے جس نے فوج کے بقول گزشتہ سال اسرائیل کے اندر ایک حملے میں ایک کردار ادا کیا تھا جب کہ گزشتہ چار ماہ میں وہ اسرائیل پر دوسرے حملوں کی کمان بھی کر چکا تھا۔

فوج نے کہا کہ اس نے دبس کو بدھ کے روز جنوبی شہر نباتیہ میں اس کے نائب حسن ابراہیم عیسیٰ اور حزب اللہ کے ایک اور کارکن کے ساتھ ہلاک کیا تھا۔

جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی حملے کے بعد تباہی کا ایک منظر، فوٹو اے ایف پی ، 15 فروری 2024

حزب اللہ نے تصدیق کی کہ ایک کمانڈر سمیت اس کے تین جنگ جو ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس نے بدھ کے حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کا دعویٰ کیا اور جمعرات کی شام حزب اللہ نے کہا کہ اس نے ابتدائی جوابی کارروائی کی ہے اور شمالی اسرائیل کے قصبے کریات شیمونا پر متعدد راکٹ داغے ہیں۔

قصبے سے کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی جہاں بیشتر رہائشی ان ہزاروں افراد میں شامل ہو چکے ہیں جو اکتوبر میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے علاقہ چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔

جمعرات کو جنوبی لبنان میں مزید اسرائیلی حملوں کی رپورٹس ملیں اور لبنان کے نگران وزیر اعظم نجیب میکاتی نے حملوں میں اضافے کی مذمت کی۔

میکاتی کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا،” ایک ایسے وقت میں جب ہم امن پر زور دے رہے ہیں اور تمام فریقوں سے صورت حال کو مزید خراب نہ کرنے کی اپیل کر رہے ہیں، ہم اسرائیلی دشمن کو اپنی جارحیت بڑھاتے ہوئے پاتے ہیں۔”

اسرائیلی فوج نے کہا کہ جمعرات کے حملوں میں حزب اللہ کے انفرا اسٹرکچر اور لانچ پوسٹس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے، نیشنل نیوز ایجنسی یا این این اے کے مطابق اسرائیل کی ایئر فورس نے سرحدی قصبوں، لبونہ، وادی سلوقی،مجدال سلم اور ہولا کے نزدیک حملے کیے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر کے ترجمان اوی ہیمان نے کہا کہ اسرائیلی فوج حزب اللہ کے باقاعدہ حملوں کا جواب مسلسل دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ، حزب اللہ کو ہمارا پیغام ہمیشہ سے یہ تھا اور رہے گا کہ ہمیں نہ آزمائیں۔

لبنان ۔ اسرائیل سرحد پر تعینات اقوام متحدہ کی امن فورس نے، جو یو این آئی ایف آئی ایل کے طور پر معروف ہے، تازہ ترین جھڑپ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور تمام شامل فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ صورت حال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے لڑائیوں کو روکیں۔

این این اے نے کہا کہ، نباتیہ میں کیے گئے حملے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا جب کہ ایک ہی خاندان کے سات افراد ہلاک ہو گئے جن میں ایک بچہ شامل تھا۔ ایک لڑکا جس کے بارے میں ابتدا میں رپورٹ دی گئی تھی کہ لاپتہ ہے، وہ ملبے کے نیچے سے ملا۔ اس سے قبل کی رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ چار لوگ ہلاک ہوئے تھے۔

حزب اللہ کے سینئر عہدے دار شیخ نبیل کاؤک نے جمعرات کو جنوبی لبنان میں ایک تقریب میں کہا کہ عسکریت پسند گروپ جنگ کے پھیلنے کے امکان کے لیے تیار ہے۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں