واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی سپریم کورٹ نے مجرمانہ کیسز میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جزوی استثنیٰ دے دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو سابق صدر کی حیثیت سے اپنے خلاف مقدمات میں کچھ استثنیٰ مل سکتا ہے،سابق صدور کو اپنے بنیادی آئینی اختیارات کےلیے مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔
امریکی سپریم کورٹ کے مطابق سابق صدور نجی حیثیت میں کیے گئے اقدامات کےلیے استغاثہ سے استثنیٰ کے حقدار نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ میں ٹرمپ کے حق میں 6 ججوں اور مخالفت میں 3 ججوں نے فیصلہ دیا۔ سپریم کورٹ نے ٹرمپ کا استثنیٰ کیس لوئر کورٹ میں واپس بھیج دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو جمہوریت کےلیے بڑی فتح قرار دے دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ پر 2020 کے صدارتی الیکشن میں انتخابی نتائج روکنے کی سازش اور انتخابات کے نتائج میں دھاندلی کے جھوٹے دعوے کا الزام بھی ہے۔
دوسری جانب صدر بائیڈن کی انتخابی مہم کے عہدیدار نے کہا ٹرمپ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔