Sunday, December 29, 2024
ہومWorldمغربی کنارے میں بڑے رقبے پر اسرائیل کا قبضے کا اعلان، نئی...

مغربی کنارے میں بڑے رقبے پر اسرائیل کا قبضے کا اعلان، نئی بستیوں کی تعمیر کا تازہ ترین منصوبہ


  • اسرائیل نے مغربی کنارے میں زمین پر وسیع قبضے کی منظوری دے دی
  • یہ امن عمل کے آغاز پر 1993 کے اوسلو معاہدے کے بعد سے منظور شدہ سب سے بڑا واحد زمینی قبضہ ہے۔
  • مغربی کنارے میں اسرائیل کی 100 سے زیادہ بستیاں پہلے ہی موجود ہیں
  • فلسطینی اتھارٹی پورے علاقے میں پھیلے ہوئے انکلیو کا انتظام کرتی ہے، لیکن اسے مغربی کنارے کے 60% حصے میں کام کرنے سے روک دیا گیا ہے
  • امریکہ، یورپی یونین، برطانیہ اور کینیڈا نے پرتشدد آباد کاروں اور آباد کار تنظیموں کے خلاف اعلیٰ سطحی پابندیاں عائد کی ہیں

اسرائیل نے مغربی کنارے میں زمین پر قبضے کی منظوری دی ہے جو تین دہائیوں میں اس زمین پر سب سے وسیع قبضہ ہے۔ یہ اطلاع بدھ کے روز ایک ایسے گروپ نے دی ہے جو بستیوں کا حساب رکھتا ہے۔ اور اسے ایک ایسا اقدام کہا جا رہا ہے جو غزہ کی جنگ میں پہلے سے کشیدہ صورتِ حال کو اور خراب کر دے گا۔

مغربی کنارے میں اسرائیل کی جارحانہ توسیع وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت میں آباد کار برادری کے مضبوط اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہے، جو ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ مذہبی اور قوم پرست ہیں۔ اسرائیلی وزیر خزانہ بیزالیل سموٹرچ، جو خود ایک آبادکار ہیں، نے توسیع کی پالیسی کو تیز کیا ہے، بستیوں کی تعمیر کے نئے احکامات کے ساتھ کہا ہے کہ ان کا مقصد علاقے پر اسرائیل کی گرفت مضبوط کرنا اور فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی طرف سے حاصل کردہ آرڈر کی ایک نقل کے مطابق، حکام نے حال ہی میں وادی اردن میں 12.7 مربع کلومیٹر (تقریباً 5 مربع میل) اراضی پر قبضے کی منظوری دی ہے۔ پیس ناؤ نامی اس گروپ کے ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ یہ امن عمل کے آغاز پر 1993 کے اوسلو معاہدے کے بعد سے منظور شدہ سب سے بڑا واحد زمینی قبضہ ہے۔

بل بورڈ پر نئی اسرائیلی بستی کی تعمیر کا اشتہار، 10 نومبر، 2020

آبادکاری کے نگرانوں نے کہا ہے کہ اراضی پر قبضہ اسرائیلی بستیوں کو اردن کی سرحد سے متصل ایک اہم راہداری کے ساتھ جوڑتا ہے، یہ اقدام ان کے بقول ایک متصل فلسطینی ریاست کے امکان کو کمزور کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے اسے “غلط سمت میں ایک قدم” قرار دیا، انہوں نے مزید کہا کہ “ہم جس سمت میں جانا چاہتے ہیں وہ بات چیت کے ذریعے دو ریاستی حل تلاش کرنا ہے۔”

نئی قبضے میں لی گئی زمین مغربی کنارے کے ایک ایسے علاقے میں ہے جہاں، اسرائیل اور حماس کی جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی، آباد کاروں کا تشدد فلسطینیوں کو بے گھر کر رہا تھا۔ غزہ میں حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کے بعد سے اس تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق، مغربی کنارے میں اکتوبر سے اب تک آباد کاروں نے فلسطینیوں پر 1,000 سے زیادہ حملے کیے ہیں، جن میں ہلاکتیں ہوئیں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

زمین پر یہ قبضہ، جس کی منظوری گزشتہ ماہ کے آخر میں دی گئی تھی لیکن بدھ کو اس کی تشہیر کی گئی، مارچ میں مغربی کنارے میں 8 مربع کلومیٹر (تقریباً 3 مربع میل) اراضی اور فروری میں 2.6 مربع کلومیٹر (1 مربع میل) کے قبضے کے بعد سامنے آیا ہے۔

پیس ناؤ نے کہا کہ اس سے 2024 مغربی کنارے میں اسرائیلی اراضی پر قبضے کا اب تک کا چوٹی کا سال بن گیا ہے۔

فلسطینی مقبوضہ مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع کو کسی بھی پائیدار امن معاہدے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ کے طور پر دیکھتے ہیں، جو ایک مربوط ریاست کے کسی بھی امکان کو روکتا ہے۔ زیادہ تر بین الاقوامی برادری بستیوں کو غیر قانونی یا ناجائز سمجھتی ہے۔

اسرائیل نے 1967 کی مشرق وسطی کی جنگ میں مغربی کنارے، غزہ کی پٹی اور مشرقی یروشلم پر قبضہ کر لیا تھا، وہ علاقے جو فلسطینی مستقبل کی ریاست کے لیے چاہتے ہیں۔ اسرائیل کی موجودہ حکومت مغربی کنارے کو یہودیوں کا تاریخی اور مذہبی مرکز سمجھتی ہے اور فلسطینی ریاست کی مخالفت کرتی ہے۔

اسرائیل نے مغربی کنارے میں 100 سے زیادہ بستیاں تعمیر کی ہیں، جن میں سے کچھ مکمل طور پر ترقی یافتہ مضافاتی علاقوں یا چھوٹے شہروں سے ملتی جلتی ہیں۔ وہ 500,000 سے زیادہ یہودی آباد کاروں کے گھر ہیں جن کے پاس اسرائیلی شہریت ہے۔

مغربی کنارے میں 30 لاکھ فلسطینی بظاہر کھلے عام اسرائیلی فوجی حکمرانی کے تحت زندگی گزار رہے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی پورے علاقے میں پھیلے ہوئے انکلیو کا انتظام کرتی ہے، لیکن اسے مغربی کنارے کے 60% حصے میں کام کرنے سے روک دیا گیا ہے، جس میں بستیوں کے ساتھ ساتھ لاکھوں فلسطینیوں کی آبادی والے علاقے بھی شامل ہیں۔

امریکہ، یورپی یونین برطانیہ اور کینیڈا نے پرتشدد آباد کاروں اور آباد کار تنظیموں کے خلاف اعلیٰ سطحی پابندیاں عائد کی ہیں، لیکن نشانہ بننے والوں میں سے کچھ نے AP کو بتایا کہ ان اقدامات کا بہت کم اثر ہوا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، COGAT، جو مغربی کنارے میں سویلین امور کا انچارج اسرائیلی فوجی ادارہ ہے، تبصرے کے لیے فوری طور پر دستیاب نہیں تھا۔

حماس نے 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حملے کے جواز کے طور پر مغربی کنارے کی بستیوں کی توسیع کا حوالہ دیا، جس میں فلسطینی عسکریت پسندوں نے تقریباً 1,200 افراد کو ہلاک کیا، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے، اور تقریباً 250 کو یرغمال بنایا۔ اسرائیل نے جواب میں بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے جس میں مقامی صحت کے حکام کے مطابق، جو یہ نہیں بتاتے کہ کتنے جنگجو تھے، 37,900 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

جنگ نے پورے غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور اس کے 2.3 ملین لوگوں میں سے زیادہ تر بے گھر ہوئے ہیں، اکثر کئی بار۔ اسرائیلی پابندیوں، جاری لڑائی اور امن و امان کی خرابی نے انسانی امداد کی کوششوں کو روک دیا ہے، جس سے بڑے پیمانے پر بھوک اور قحط کے خدشات جنم لے رہے ہیں۔

(اس خبر میں معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس لی گئی ہیں)



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں