نئی دلی (ویب ڈیسک) بھارت میں نل سے پانی بھرنے کے تنازع پر 15 سالہ لڑکی نے پڑوسن کو چھری کے وار سے قتل کر دیا۔
جیو نیوز نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ دنوں دارالحکومت نئی دلی کے علاقے شاہدرہ میں 15 سالہ لڑکی نے صبح سوسائٹی کی بلڈنگ کے نل سے پانی بھرنے پر ہونے والے جھگڑے کے بعد خاتون کی جان لے لی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی صبح نل سے پانی بھرنے پر 34 سالہ خاتون ، 15 سالہ لڑکی اور اس کی ماں کے درمیان لفظی گولہ باری شروع ہوئی، اس دوران خاتون نے مبینہ طور پر لڑکی کا ہاتھ مروڑ دیا، جس کے باعث اسے ہسپتال لے جانا پڑا تاہم شام تک اسپتال سے گھر واپس آنے کے بعد لڑکی اور اس کی والدہ کی خاتون سے بحث دوبارہ شروع ہوئی جو شدت اختیار کر گئی، اس دوران لڑکی نے کچن سے چھری اٹھا کر خاتون کے پیٹ میں گھونپ دی اور اسے شدید زخمی کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رات 11 بجے کے قریب پولیس کو خاتون کے شوہر کی طرف سے ایک کال موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ اس کی بیوی کے پیٹ میں چھری ماری گئی ہے اور وہ فرش پر بے ہوش پڑی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زخمی خاتون کے شوہر کی جانب سے فون کال موصول ہونے پر پولیس نے وہاں پہنچ کر خاتون کو اسپتال پہنچایا، جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے لڑکی کو گرفتار کر کے آبزرویشن ہوم بھیج دیا گیا ہے۔