آسام (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست آسام میں ایک گھر سے 35 سانپ نکل آنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس واقعے کی وائرل ویڈیو میں ان سانپوں کو گھر کے باتھ روم سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ واقعہ آسام کے ضلع ناگاؤں میں پیش آیا۔
اس واقعے کے بعد سانپوں کو ریسکیو کرنے والے ایک مقامی کارکن سنجیب ڈیکا کو بلایا گیا۔سانپوں کے بارے میں سن کر مقامی افراد کی بڑی تعداد وہاں جمع ہو گئی جن کی موجودگی میں سنجیب ڈیکا نے تمام سانپوں کو محفوظ طریقے سے ایک ٹوکری میں جمع کر لیا اور بعد میں کسی اور مقام پر انہیں چھوڑ دیا۔
سنجیب ڈیکا کے مطابق یہ سانپ کالیابور کے قریب کوواریتال چریالی کے ایک نوتعمیر شدہ گھر کے باتھ روم سے باہر نکلتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ’گھر کے مالک نے مجھے اس واقعے کی اطلاع دی تو میں وہاں پہنچ گیا۔ میں نے وہاں کئی سانپ رینگتے دیکھے اور اس کے بعد 35 سانپوں کو ریسکیو کر کے دوسرے مقام پر چھوڑ دیا۔‘
یہ اس علاقے میں دو ماہ میں پیش آنے والا دوسرا واقعہ ہے۔سنجیب ڈیکا نے گزشتہ ماہ ایک بڑے کوبرا سانپ کو ایک متروک کنوئیں سے ریسکیو کیا تھا۔