غزہ سے شروع ہوئی جنگ کی لپٹیں لبنان اور ایران تک پہنچ چکی ہیں، اسرائیل نے ستمبر میں لبنان واقع حزب اللہ کے ٹھکانے پر ایک بڑا حملہ کیا تھا، جس میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی موت ہو گئی تھی۔
غزہ کے ساتھ ساتھ اسرائیل نے بیروت پر بھی حملہ تیز کر دیا ہے۔ اسرائیل نے ایک بار پھر وسطی بیروت کو اپنے حملے سے تباہ و برباد کرنے کی کوشش کی ہے۔ ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق اسرائیل نے ہفتہ کی صبح وسطی بیروت پر شدید فضائی حملہ کیا۔ اس حملے کی شدت سے پوری راجدھانی خوف و ہراس کے سائے میں آ گئی۔ فضائی حملے کے بعد جو تصویریں سامنے آئی ہیں، اس سے حملے کی شدت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ کچھ تصویروں میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ لبنانی شہری تباہ ہوئے مکانوں کے آس پاس کھڑے ہیں۔ حالانکہ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے اس نے اس حملہ کے ذریعہ حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ’رائڑز‘ کے مطابق ’’ہفتہ کی صبح 4 بجے کے قریب راجدھانی (بیروت) میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ کم از کم 4 راکٹ داغے گئے۔ حملے کے بعد کی ویڈیو فوٹیج میں جائے وقوع کی جانب رواں دواں ایمبولینس کی سائرن کی آوازیں بھی سنی جا سکتی تھیں۔ ایک عمارت پوری طرح سے زمین دوز ہو چکی ہے اور کچھ دیگر عمارتیں بھی تباہ و برباد ہو چکی ہیں۔‘‘ اسرائیل نے آج خاص طور سے وسطی بیروت کو نشانہ بنایا ہے اور اسرئیل کی جانب سے کیا گیا یہ چوتھا حملہ ہے۔ اس سے قبل کے ایک حملہ میں حزب اللہ کے ایک سینئر میڈیا اہلکار کی موت ہو گئی تھی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے ستمبر ماہ میں لبنان واقع حزب اللہ کے ٹھکانے پر ایک بڑا حملہ کیا تھا، جس میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی موت ہو گئی تھی۔ غزہ سے شروع ہوئی لڑائی کو تقریباً 1 سال ہو چکے ہیں۔ اب اس جنگ کی لپٹیں لبنان اور ایران تک پہنچ چکی ہیں۔ اسرائیل گزشتہ دو تین مہینوں سے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان پر بھی مسلسل حملہ کر رہا ہے۔ ساتھ ہی اسرائیل نے جنوبی لبنان میں فوجی دراندازی بھی کی ہے۔ 2 روز قبل ہی عالمی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف وارنٹ جاری کیا تھا، جس کا اسرائیل پر کوئی اثر ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔ اسرائیل مسلسل حملے کر رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔