ایمسٹرڈیم(ڈیلی پاکستان آن لائن) نیدرلینڈز میں ایک فٹبال میچ کے بعد اسرائیلی شائقین اور سٹیڈیم کے باہر مظاہرہ کرنے والے فلسطینی مظاہرین میں تصادم ہوا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں جاری فٹبال میچ کے بعد اسرائیلی فٹبال ٹیم مکابی تل ابیب کےحامیوں اور فلسطینی مظاہرین میں تصادم کے نتیجے میں 11 اسرائیلی تماشائی زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق کے مطابق فٹبال میچ سے قبل اسرائیلی تماشائیوں نے فلسطینی پرچم کی بے حرمتی کی، اس دوران عرب مخالف اورغزہ کے بچوں کےخلاف نفرت انگیز نعرے بھی لگائے گئے جس کے نتیجے میں تصادم شروع ہوا۔
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ میچ سے قبل سپین میں سیلاب میں مرنے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی پربھی اسرائیلی تماشائی شورمچاتے رہے اور اس دوران عرب مخالف ترانے پڑھے گئے۔ رپورٹ کے مطابق حملوں کے بعد اسرائیلی وزات خارجہ نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوٹلز تک محدود رہیں جب کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے دو طیارے ہنگامی طور پر ایمسٹرڈیم بھیجنے کا حکم دیا ہے۔